• KHI: Clear 24.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C
  • KHI: Clear 24.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C

سندھ ہائیکورٹ: نئے چیف جسٹس کی حلف برداری

شائع December 15, 2015

کراچی: جسٹس ساجد علی شاہ نے سندھ ہائیکوٹ کے نئے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا۔

ہائی کورٹ کے احاطے میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب کے دوران گورنر سندھ عشرت العباد نے جسٹس ساجد علی شاہ سے سندھ ہائی کورٹ کے 24 ویں چیف جسٹس کا حلف لیا۔

25 اکتوبر 2005 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج مقرر کیے جانے والے جسٹس ساجد علی شاہ سندھ ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس ہیں، جنھوں نے اردو میں حلف لیا.

حلف برداری کی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ جوڈیشل افسران اور عدالتی اسٹاف کی کسی بھی قیمت پر کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور جوڈیشری میں موجود اس لعنت کو نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں نئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ میں صوبے بھر کے 40،000 مقدمات التواء کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 2000ء تک قائم ہونے والے تمام زیر التواء مقدمات کو 2016ء میں نمٹانے کی کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر، صوبائی پولیس چیف، سندھ ہائی کورٹ کے سابق اور موجودہ جج حضرات اور سینیئر وکلاء بھی موجود تھے۔

14 اگست 1957ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے چیف جسٹس ساجد شاہ کے والد پاکستان ایئر فورس میں الیکٹرانکس انجینیئر تھے اور اس طرح ساجد علی شاہ نے اپنی ابتدائی تعلیم ملک کے مختلف حصوں میں حاصل کی.

خیال رہے کہ نئے چیف جسٹس کا شمار اُن ججز میں ہوتا ہے جنھوں نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت 2007ء میں پروویژنل کانسٹیٹیوشن آرڈر (پی سی او) کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔

گورنمنٹ اسلامیہ کالج کراچی سے میں گریجویشن مکمل کرنے کے بعد انھوں نے 1984 میں ایس ایم لاء کالج سے لاء میں بیچلر ڈگری حاصل کی جبکہ عملی وکالت کا آغاز 1985ء میں کیا اور 20 سال تک اسے جاری رکھا۔

انھوں نے اپنی عملی وکالت کے دوران سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں مختلف حکومتوں کی نمائندگی بھی کی۔

1988ء میں قانون میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے والے چیف جسٹس ساجد علی شاہ بینچ کی تشکیل سے قبل ایس ایم لاء کالج میں غیر مستقل (وزیٹنگ فیکلٹی) کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔

انھیں 2002ء میں وفاقی حکومت نے مستقل وکیل کے طور پر مقرر کیا اور بعد ازاں انھیں 2004ء میں نائب اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا۔

یہ خبر 15 دسمبر 2015 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025