شیعہ عالم کی سزائے موت پر پاکستان میں احتجاج
اسلام آباد: سعودی عرب میں ایک اہم شیعہ رہنما نمر النمر کو سزائے موت دینے پر پاکستان اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہزاروں لوگوں کے احتجاج کیا۔
56 سالہ نمر کو 46 دیگر افراد کے ہمراہ سزائے موت دی گئی تھی۔ سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ افراد القاعدہ سے جڑی ہلاکتوں میں ملوث تھے۔
ایران اور عراق کی اعلیٰ مذہبی قیادت نے سعودی اقدام کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے مذمت کی اور کہا کہ اس کے سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔
اتوار کو پاکستان کے مختلف شہروں میں پر امن احتجاج کے دوران سعودی عرب کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈ اٹھائے مظاہرین نے حکومت سے ریاض کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں تقریباً 1500 افراد نے سڑکوں پر احتجاج کرتے ہوئے نمر کی سزائے موت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اسی طرح، کراچی میں بھی تقریباً ایک ہزار افراد نے سعودی شاہی خاندان کے خلاف نعرے بازی کی۔
آج اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی احتجاج ہوا۔
ادھر، انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے مرکزی شہر سری نگر میں سینکڑوں غصے میں بپھرے مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بعض مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے جواب میں لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا سہارا لیا گیا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں












لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں