لیبیا: پولیس ٹریننگ سینٹر پر خودکش حملہ، 50 ہلاک
زليتن: لیبیا کے شہر زلتین کے ایک پولیس ٹریننگ سینٹر پر ایک خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی سیکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ حملہ دھماکہ خیز مواد سے بھرے ایک ٹرک کے ذریعے کیا گیا جسے عام طور پر پانی منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے کے وقت ٹریننگ کمپاؤنڈ میں تقریباً 300 کے قریب افراد موجود تھے جن میں زیادہ تر کوسٹ گارڈز تھے۔
وزارت صحت کے ترجمان عمار محمد عمار نے کہا کہ 50 سے 55 افراد ہلاک جبکہ کم از کم 100 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ متاثرین مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم داعش اس سے قبل متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کرچکی ہے۔
زلتین ہسپتال کے ترجمان معمر کادی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہسپتال میں کم از کم 40 لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ 70 زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ واقعے میں مجموعی طور پر کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں کیوں کہ متعدد دیگر متاثرین کو مسرتا اور تریپولی کے ہسپتالوں میں بھی لے جایا گیا ہے۔
لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے سفیر مارٹن کوبلر نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے قومی اتحاد کی اپیل کی۔
لیبیا کے مقتول آمر معمر قذافی کا تختہ الٹنے کے بعد سے لیبیا میں پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ملک میں داعش کا اثرورسوخ بھی بڑھ رہا ہے۔
عمر قذافی 42 سال تک لیبیا کے حکمران رہے اور ملک میں شروع ہونے والی خانہ جنگ کے دو ماہ بعد اکتوبر 2011ء میں عسکریت پسندوں نے انھیں ان کے آبائی علاقے میں قتل کردیا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں