واشنگٹن: امریکی کانگریس اور سفارتی ذرائع نے ڈان کو بتایا ہے کہ کانگریس نے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیاروں کی فروخت کا عمل روک دیا ہے، تاہم اوباما انتظامیہ پاکستان کو طیاروں کی فروخت کی کوششوں میں سرگرداں ہے۔

پاکستان کو طیاروں کی فروخت کا عمل روکنے کے پیچھے کیپیٹل ہل میں پاکستان مخالف بڑھتے ہوئے جذبات ہوسکتے ہیں، جہاں اب اجلاس کے دوران پاکستان کے حوالے سے پالیسیوں پر سخت نکتہ چینی اور تنقید معمول بن گئی ہے۔

قانون سازوں نے پاکستان کو طیاروں کی فروخت روکنے کے لیے کئی طرح کے دلائل اور معلومات پیش کیں، جبکہ امریکی سینیٹ کی جانب سے بھی اوباما انتظامیہ کو فروخت کا عمل روکنے کا نوٹس بھیج دیا گیا۔

تاہم اگر اوباما انتظامیہ قانون سازوں پر زور ڈالے تو طیاروں کی فروخت کو زیادہ عرصے تک روکا نہیں جاسکتا۔

کیپیٹل ہل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جب اوباما انتظامیہ پاکستان کو طیاروں کی فروخت کے لیے سنجیدہ نظر آئی ہے، اُس نے اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔

کانگریس کے حالیہ اجلاس میں امریکی قانون سازوں کی جانب سے پاکستان کو لڑاکا طیاروں کی فروخت اور امریکا اور پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے گئے۔

واضح رہے کہ امریکی کانگریس میں ایسے کئی قانون ساز موجود ہیں جو ہندوستان کو خوش کرنے کے لیے، پاک-امریکا تعلقات اور دفاعی تعاون کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنانے اور غیر موثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سفارتی ذرائع نے اس بات کو تسلیم کیا کہ قانون سازوں کی جانب سے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی مجوزہ فروخت کو روکنے کے لیے تاخیری حربہ استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اوباما انتظامیہ، کانگریس کو وزیراعظم نواز شریف کے گزشتہ سال اکتوبر میں کیے گئے دورہ امریکا کے موقع پر غیر رسمی طور پر اس حوالے سے اپنے ارادوں سے آگاہ کرچکی ہے۔

یہ خبر 12 جنوری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

تبصرے (2) بند ہیں

کهبی امر یکہ پر بهروسہ مت کرو Jan 12, 2016 10:56am
Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Jan 12, 2016 10:57pm
پاکستان پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات بہتر کرکے ان چیزوں سے جان چھڑا سکتا ھے ھندوستان پاکستان افعانستان ایران اپس میں دوستی کرلیں اور جنگ نہ کرنے کا معاہدہ کرلیں تو ہماری دفاعی بجٹ بہت زیادہ کم ھوسکتی ھے اگر یورپ یورپی یونین بن سکتا ھے تو سارک ممالک کا کوئی اتحاد کیوں نہیں بن سکتا پاکستان کو غیر ملکی ہتھیاروں کی بجائے اپنے ہتھیار بنانا چاہئے اب یہ کوئی مشکل کام نہیں ھے ہر طرح ہتھیار بنائے جاسکتے ھیں ڈرون ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ھے کیونکہ موجودہ وقت میں یہ سب زیادہ موثر ہتھیار ھے اور مستقبل میں بھی یہ ہتھیار زیادہ ترقی کریگا اور اس پر بہت زیادہ انحصار ھوگا مگر میں پڑوسیوں کے ساتھ امن معاہدوں پر زور دونگا