کابل میں طلوع نیوز کی گاڑی پر خودکش حملہ، 7 ہلاک

شائع January 20, 2016

کابل: افغان دارالحکومت کابل میں روسی سفارت خانے کے قریب ایک خود کش حملے میں سات افراد ہلاک ہو گئے.

کار میں سوار خود کش حملہ آور نے مقامی ٹی وی چینل طلوع نیوز کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 24 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.

تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

چینل کے ایک ملازم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہماری گاڑی اسٹاف کو گھر لے جارہی تھی کہ اس پر حملہ کردیا گیا.

ایک اور اہلکار نے بتایا کہ حملے کے باعث گاڑی میں کچھ ملازمین جھلس گئے جبکہ اس میں چینل کے گرافکس اور ڈبنگ ڈپارٹمنٹ کے اہلکار موجود تھے.

ڈپٹی پولیس چیف سید گل آغا روحانی کے مطابق خودکش بمبار نے ایک سویلین منی بس کو دارالامن روڈ پر نشانہ بنایا.

یہ حملہ ایک ایسے وقت پر ہوا جب طالبان کے ساتھ امن مذاکرات بحال کرنے کے لیے بات چیت کا دوسرا دور دو روز قبل منعقد ہوا جس میں افغانستان، پاکستان، چین اور امریکا کے وفود نے شرکت کی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بات چیت کے اس عمل میں طالبان کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025