رینجرز اختیارات: سندھ اور وفاق میں تنازع ختم
کراچی/اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) کے تحت کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں 90 دن کی توسیع کی سمری پر دستخط کردیئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رینجرز کے اختیارات میں 5 دسمبر 2015 کو 60 دن کی توسیع کی گئی تھی جس کی مدت 3 فروری کو ختم ہورہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مذکورہ فیصلے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو اُس وقت آگاہ کیا جب انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹیلی فون کیا اور انھیں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کرنے کا کہا تاکہ کراچی آپریشن بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔
چورہدری نثار نے سید قائم علی شاہ سے اُس وقت رابطہ کیا جب وہ سندھ کابینہ کے اجلاس کی تیاریوں میں مصروف تھے، انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یہ یقین دہانی کروائی کہ سندھ حکومت کے تحفظات کو مشاورت کے ذریعے دور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا کہ انھوں نے پہلے ہی رینجرز اختیارات کے مسئلے پر فیصلہ لے لیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ کو سندھ کے دورے کی دعوت بھی دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت رینجرز اختیارات میں توسیع کے حوالے سے سمری منگل کے روز بھیج دے گی۔
یہ خبر 2 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی