'پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین باؤلنگ اٹیک'
میرپور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری باؤلنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ محمد عامر، محمد عرفان اور وہاب ریاض پر مشتمل باؤلنگ اٹیک اس وقت دنیا کے بہترین باؤلنگ اٹیک میں سے ایک ہے۔
بی سی سی آئی ڈاٹ ٹی وی کو اپنے انٹر ویو میں انھوں نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین باؤلنگ ٹیم ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ محمد عامر میچ کو جتوانے والا باؤلر ہے جس کے ساتھ 7 فٹ لمبے محمد عرفان جن کو جسامت کا اضافی فائدہ حاصل ہے اور تیز باؤلنگ کی یہ بیٹری بڑی پرجوش ہے، ہر گز نہیں بھولیں ہمارے پاس وہاب ریاض ہے‘۔
’اس طرح ہمارے پاس عامر کی ورائیٹی، عرفان کی جسامت اور وہاب ریاض کی تیز گیندیں ہیں جو ایک خطرناک فاسٹ باؤلنگ اٹیک بناتے ہیں، ہمارے پاس بائیں ہاتھ کے تیز باؤلرز کے ساتھ دائیں ہاتھ کے تیز باؤلر محمد سمیع بھی ہیں جو 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرسکتے ہیں‘۔
اظہر محمود کو حال ہی میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے مشتاق احمد کی جگہ عبوری باؤلنگ کوچ مقررکیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اظہر محمود پاکستان کے عبوری باؤلنگ کوچ
اظہر محمود نے ٹیم کے عبوری باؤلنگ کوچ کے طور پر تعیناتی کے حوالے سے بتایا کہ ’میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھیل رہا تھا تو وقاریونس نے فون کرکے کہا کہ یہ موقع ہے اگر آپ کرنا چاہیں تو میں نے فوراً ہاں کرلی کیونکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد دوسری جگہ میری کچھ مصروفیات تھیں اور یہ باالکل میرے حق میں تھا‘۔
اظہر محمود نے پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی جہاں انھیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ میں پاکستان ٹیم کے ساتھ اپنے ہرلمحے سے لطف اندوز ہورہا ہوں، یہ لڑکے گزشتہ کچھ سالوں سے وقار یونس کے ساتھ کام کر رہے ہیں،میرا کا م یہ ہے کہ میں اپنے تجربات اور صلاحیت ان تک پہنچاؤں اور جب باؤلنگ کرنے کا موقع آئے تو انھیں اعتماد دوں اور امید ہے کہ میں یہ سب کچھ نوجوان کھلاڑیوں تک پہنچا سکوں‘۔
41 سالہ آل راؤنڈر نے کہا کہ ’میں نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے اور انھیں چھوٹی چھوٹی باتیں بتانے کے لیے تجربہ کافی ہے، مجھے اس وقت خوشی ہوگی اگر میں انھیں باؤلنگ کے علاوہ بھی بیٹنگ اور فیلڈنگ میں ان کی مدد کرسکوں، بطور آل راؤنڈر میرے لیے یہ آسان ہے‘۔
پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے ہندوستان کے خلاف ایشیاکپ کے اپنے پہلے میچ میں صرف 8 رنز پر 3 بلے بازوں کو آؤٹ کرکے حریف ٹیم کو شدید دباؤ کا شکار کردیا تھا تینوں کھلاڑیوں کو محمد عامر نے اپنی نپی تلی باؤلنگ سے شکار کیا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں