بولی وڈ اسٹار رجنی کانتھ کی آنے والی فلم '2.0' (ٹو پوائنٹ زیرو) میں ولن کے کردار کو دیکھ کر شاید ہی کوئی یہ اندازہ لگا پائے کہ یہ اکشے کمار ہیں.

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم '2.0' میں اکشے ڈاکٹر رچرڈ نامی ایک سائنسدان کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک کوے کا روپ دھار لیتا ہے.

ولن کے روپ میں موجود اکشے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں، جن میں انھیں گھنی بھنوؤں، گرے بالوں اور پروں پر مشتمل چمڑے کی جیکٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے.

رپورٹس کے مطابق اگرچہ فلمسازوں نے اکشے کے کردار کو خفیہ رکھنے کی کافی کوشش کی لیکن نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں شوٹنگ کے دوران ان کی یہ 'لُک' لیک ہوگئی.

اکشے کمار فین کلب نے فلم '2.0' کی شوٹنگ کے دوران لی گئی کچھ تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں، جن میں اکشے کو کوے کی طرح کے گیٹ اَپ میں دیکھا جاسکتا ہے.

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اکشے تامل اداکار رجنی کانتھ کے ساتھ کسی فلم میں کام کرتے ہوئے نظر آئیں گے.

ذرائع کے مطابق اکشے کمار نے اس کردار کے لیے مکمل میک اوور کیا ہے، دہلی میں فلم کی شوٹنگ اگلے 2 ہفتوں میں مکمل ہوجائے گی، جس کے بعد ٹیم فلم کے اہم حصوں کی شوٹنگ کے لیے مراکش جائے گی.

فلم '2.0' تامل ہندوستانی فلم 'اینتھیران' (Enthiran) یعنی 'روبوٹ' کا سیکوئل ہے۔ فلم کے ہدایتکار ایس شنکر ہیں جبکہ اس کا بجٹ 350 کروڑ روپے رکھا گیا ہے.

رجنی کانتھ اور اکشے کمار کے ساتھ اس میں ایمی جیکسن بھی اہم کردار ادا کریں گی، جنھوں نے اکشے کے ساتھ 'سنگھ از بلنگ' میں کام کیا تھا.

فلم '2.0' کو 2017 میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں