جہانگیر اسکواش کی دوبارہ بحالی کیلئے پراُمید

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2016
پاکستان اور مصر کے درمیان ہونے والی دوطرفہ سیریز میں مصر کے طارق مومن اور پاکستان کے فرحان محبوب کے درمیان میچ کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان اور مصر کے درمیان ہونے والی دوطرفہ سیریز میں مصر کے طارق مومن اور پاکستان کے فرحان محبوب کے درمیان میچ کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی

کراچی: اسکواش کے عظیم ترین کھلاڑی جہانگیر خان نے رواں ماہ کراچی میں مصر سے ہونے والے سیریز کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے صف اول کے کھلاڑیوں کو ملک میں کھیل کی دوبارہ بحالی میں مدد ملے گی۔

جہانگیر خان نے ہاشم خان جیسے کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسکواش میں 1950 کی دہائی میں شروع ہونے والے پاکستان کے فتوحات کے سلسلے کو دراز کرتے ہوئے برٹش اوپن کے 10 ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

ان کے حریف جان شیر خان نے 1996 میں آخری مرتبہ پاکستان کو کوئی عالمی ٹائٹل جتوایا تھا جب انہوں نے آٹھویں مرتبہ ورلڈ اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

جہانگیر خان نے کہا کہ اس ہفتے ہونے والی مصر سے ہونے والی نمائشی سیریز میں عالمی نمبر چار عمر موساد اور عالمی نمبر دس طارق مومن کی شرکت سے ایک مرتبہ پھر ملک میں اس کھیل کیلئے دلچسپی میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے کھلڑیوں کیلئے ایک اچھا تجربہ ثابت ہو گا کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ وہ صف اول کے مصری کھلاڑیوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے لیکن اب بھی اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو ان کا کھیل بہتر ہو سکتا ہے۔

اسکواش کے سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آنے کیلئے حوصلہ افزائی ہو گی اور ہمیں ملک میں کھیل کی بحالی میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ کراچی میں ہونے والے دو روزہ ایونٹ کا جمعرات کو اختتام ہو گیا جس میں مصر نے تین میں سے دو میچ جیت کر کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 40 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی جیت لی۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر اور ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے اعزازی صدر جہانگیر خان نے اپنے والد روشن خان کے نام سے ایک اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کیا جنہوں نے 1957 میں برٹش اوپن جیتا تھا۔

واضح رہے کہ اس وقت مصر اسکواش کی دنیا پر راج کر رہا ہے جہاں محمد ال شور بغے عالمی نمبر ایک کے منصب پہر فائض ہیں جبکہ عمر مسعود اور رامی اشعر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں عالمی آٹھ کریم عبدالگواد، عالمی نمبر 11 علی فراغ اور عالمی نمبر 20 میزان ہاشم شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے عالمی نمبر 35 ناصر اقبال کے ساتھ ساتھ شاہجہاں خان، عاصم خان، فرھان محبوب اور طیب اسلم نے ایونٹ میں شرکت کی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں