لاہور: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ریکارڈ ساز بلےباز یونس خان نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) میں کئے گئے فٹنس ٹیسٹ میں دیگر کھلاڑیوں پر اپنی برتری ثابت کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جولائی میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے قائم فٹنس کیمپ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیا جس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی مستعدی کا جائزہ لینا اور فٹنس کو بین الاقوامی سطح کے معیار کے مطابق لانا تھا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق 41 سالہ مصباح اور 38 سالہ یونس خان کیمپ میں شامل کھلاڑیوں میں عمر رسیدہ ہونے کے باوجود سب سے فٹ کھلاڑی ہیں۔

پی سی بی حکام نے کہا کہ 'قومی ٹیم کے فٹنس ٹرینر گرانٹ لیوڈن نے پوائنٹس نظام متعارف کرایا ہے جس کی حد 17 مقرر کی ہے اور دونوں کھلاڑیوں نے اس ہدف کو حاصل کرلیا ہے'۔

رپورٹ کے مطابق 'یونس نے 18 پوائنٹس حاصل کئے ہیں جبکہ مصباح الحق کے پوائنٹ ابھی تک رپورٹ نہیں ہوئے لیکن انھوں نے ٹیسٹ کو واضح انداز میں پاس کیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، عمر اکمل، صہیب مقصود، سعید اجمل اور ذوالفقار بابرمطلوبہ معیارپر پورا نہیں اترے اورفٹنس ٹیسٹ کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

پی سی بی اہلکار نے مزید کہا کہ جن کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیا انھیں نقد انعام سے نوازا جائے گا جبکہ ناکام کھلاڑیوں کو ایک اور موقع دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ'جو کھلاڑی ناکام ہوئے ہیں اگر وہ مقرر کردہ وقت میں ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا'۔

بورڈ حکام نے ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو فٹنس ٹیسٹ پر کسی قسم کی نرمی برتنے کی خبروں کی تردید کی۔

انگلینڈ کے دورہ کے لیے تیاریوں کے سلسلے میں 15 روزہ قومی کیمپ 15 مئی سے فوج کی نگرانی میں ایبٹ آباد میں شروع ہورہا ہے۔

**یہ رپورٹ ڈان اخبار میں 12 مئی 2016 کو شائع ہوئی **


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Imran May 12, 2016 07:43pm
good job old boys