’بجٹ ملکی ترقی کیلئے حکومتی وژن کا عکاس‘
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں انتہائی مہنگائی اور خراب اقتصادی صورتحال ورثے میں ملی تھی، لیکن ہم نے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کی اور یہ تب تک ممکن نہیں تھا جب تک یہ بجٹ ملکی ترقی کے لیے ہمارے وژن کی عکاسی نہ کرتا۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے آئندہ مالی سال کے لیے ترقی کا حامی بجٹ پیش کرنے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 سالوں میں ان کی حکومت نے عام پاکستانی کی زندگی اور ملکی استحکام کو بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہائی مہنگائی اور خراب اقتصادی صورتحال ورثے میں ملی تھی، لیکن ہم نے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کی، جس کے باعث بجٹ خسارہ آدھا رہ گیا اور ملکی شرح نمو 4 اعشاریہ 7 تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل (جمعہ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نئے مالیاتی سال کے لیے43.9 کھرب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا، جس میں ٹیکس آمدنی میں 17 فیصد اضافے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 43.9 کھرب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ
حکومت نے یکم جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف 5.7 فیصد مقرر کیا ہے، جبکہ مالیاتی خسارے کو مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے 3.8 فیصد تک لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے تجارت کے توازن کو بہتر بنایا، مہنگائی کو گزشتہ 10 سال کی کم ترین سطح پر لائے، اور ٹیکس اکٹھا کرنے کی شرح کو تاریخی سطح پر لائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اس وقت تک ممکن نہیں تھا، جب تک یہ بجٹ ملکی ترقی کے لیے ہمارے وژن کی عکاسی نہ کرتا۔
نواز شریف نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے ہم نے نہ صرف ان کامیابیوں کو دہرانے، بلکہ اس سے ایک قدم آگے بڑھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گوادر کے اہم منصوبے میں سرمایہ کاری کا انتخاب کیا، جس کی بین الاقوامی سطح پر اہمیت پاک ۔ اقتصادی راہدارے منصوبے سے مزید بڑھ گئی ہے، ہم زرعی شعبے میں سرمایہ کاری اور نئی سبسڈیز کا اعلان کیا تاکہ اس سے ہماری زرعی معیشت اور اس پر انحصار کرنے والے کروڑوں پاکستانیوں کو فائدہ ہو۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے انفرااسٹرکچر، سڑکوں، ریلوے اور کراچی سے لاہور موٹروے کے لیے سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ ہم نہ صرف عوام سے قریب ہوسکیں بلکہ ہزاروں لوگوں کو بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار بھی میسر آئے۔
انہوں نے کہا کہ پیرس کے ماحولیاتی تبدیلی کے معاہدے کے بعد ہم نے ماحولیاتی خطرے سے نمٹے کے عزم کا بھی اعادہ کر رکھا ہے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے ہم اس سلسلے میں ایک ارب روپے سے زائد خرچ کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف لندن میں علاج کی غرض سے قیام پذیر ہیں، جہاں چند روز قبل ان کے دل کا آپریشن بھی ہوا، جس کے بعد ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔











لائیو ٹی وی