سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت:چیف جسٹس کا ازخود نوٹس
کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے صوبائی انتظامیہ کی جانب سے سندھ پولیس میں مبینہ طور پر سیاسی مداخلت کا ازخود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس نے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ پولیس کو 4 جولائی کو عدالت پیش ہوکر اپنا موقف پیش کرنے کا حکم دیا۔
جسٹس انور ظہیر جمالی نے حکام سے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے بیرسٹر اویس شاہ کے اغوا کے بعد سینئر سپرنٹندنٹ (ایس پی) ساؤتھ ڈاکٹر فاروق احمد کے تبادلے کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے لاپتہ
واضح رہے کہ چیف جسٹس نے اویس شاہ کے اغوا کے بعد کراچی میں مختلف حکام سے الگ، الگ ملاقاتوں میں انہیں اویس شاہ کی بازیابی کے لیے موثر اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔
بیرسٹر اویس شاہ کو رواں ماہ کلفٹن کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ان کے اغوا کو شدت پسندوں کی رہائی کے لیے ’بارگیننگ چِپ‘ قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں: معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں ہلاک
اویس شاہ کے اغوا کے چند روز بعد ہی کراچی میں معروف قوال امجد صابری کی ہلاکت کا بھی واقعہ پیش آیا، جس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔
دونوں واقعات کے بعد کراچی میں جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے سوال اٹھائے گئے تھے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔










لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں