راولپنڈی: کینٹونمنٹ کے علاقے میں میٹرو بس سروس کے ٹریک پر آویزاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے عہدے پر برقرار ہنے کا مطالبہ کرنے والے بینرز کے حوالے سے خفیہ اداروں نے صوبائی حکومت کو رپورٹ بھیج دی ہے۔

ایک سیکیورٹی افسر کے مطابق اسپیشل برانچ اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں نے سڑکوں پر لگے وہ بینرز اتار لیے ہیں جن پر 'خدا کیلئے جانے کی باتیں جانے دو' لکھا تھا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصویر بھی موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں:'جانے کی باتیں ہوئیں پرانی، خدا کے لیے اب آجاؤ'

سیکیورٹی اداروں نے یہ بینرز اتارنے کے بعد متعلقہ حکام کو بھیج دیے ہیں، اس طرح کے بینرز حیدر روڈ، کشمیر روڈ، مری روڈ اور سول لینز میں بھی دیکھے گئے تھے جہاں زیادہ تر عدلیہ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران رہائش پذیر ہیں۔

جس سیاسی تنظیم کی جانب سے یہ بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں اس کا نام 'موو آن پاکستان' ہے اور اس کے چیف آرگنائزر علی ہاشمی کا کہنا ہے کہ انہوں نے تنظیم کا سنگ بنیاد 7 جنوری 2013 کو رکھا تھا اور پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرد بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے ہزاروں بینرز ملک بھر میں آویزاں ہیں، ہماری پارٹی کا مقصد ملک میں امن کی بحالی اور تعلیم و صحت کی سہولتوں کی فراہمی ہے۔

مزید پڑھیں:آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کیلئے تشہیری مہم

ان کا کہنا ہے کہ امن قائم کیے بغیر تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔

صدر کے علاقے میں میٹرو بس کے ٹریک پر بھی اس طرح کے پوسٹرز نظر آتے تھے تاہم بعد میں انہیں ہٹا دیا گیا تھا۔

رواں برس جنوری میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اعلان کیا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نہ ہی مدت ملازمت میں توسیع کے خواہاں ہیں اور نہ ہی ایسی کوئی پیشکش قبول کریں گے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی بار ہا یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں۔

یہ خبر 12 جولائی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


تبصرے (1) بند ہیں

Naveed Chaudhry Jul 12, 2016 08:16pm
Assalam O Alaikum, How come authrities do not know who put these banner. They should disclose it to public