مصباح 82 سال میں سنچری بنانے والے معمر ترین کرکٹر

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2016
پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا سنچری کی تکمیل کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا سنچری کی تکمیل کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی

لندن: پاکستان کے کپتان مصباح الحق انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں سنچری اسکور کر کے 82 سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے والے دنیا کے سب سے معمر کرکٹر بن گئے ہیں۔

42 سالہ نوجوان مصباح کی یہ اننگ اس لحاظ سے بھی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کہ یہ ان کا انگلینڈ میں پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

اس سے قبل 1934 میں انگلینڈ کے پیٹسی ہینڈرسن نے اولڈ ٹریفورڈ میں آسٹریلیا کے خلاف سنچری اسکور کی تھی لیکن اس کے بعد سے کوئی بھی عمر رسیدہ کھلاڑی سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہا۔

یہ مصباح کی انگلینڈ سرزمین پر بھی پہلی سنچری ہے جہاں ماضی میں دورہ انگلینڈ کے موقع پر انہیں سلیکشن کے دائرہ کار سے باہر رکھا گیا۔

سنچری کی تکمیل پر جب مصباح لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر اپنے گلوز اتار زمین کی جانب جھکنے لگے تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ شکر بجا لانے کیلئے ایسا کر رہے ہیں۔

لیکن اس کے بجائے انہوں نے پش اپس کر کے فوج کے ٹرینرز کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان ناقدین کو بھی منہ توڑ جواب دیا جو اس بات مصر ہیں کہ مصباح کو اب ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو جانا چاہیے۔

پاکستان پہلی اننگ کے دوران 77 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھا کہ اس دوران میدان میں مصباح کی آمد ہوئی.

16 کے انفرادی اسکور پر جو روٹ ان کا ایک مشکل کیچ تھامنے میں ناکام رہے جبکہ 58 کے اسکور پر قسمت کی دیوی نے اس وقت ان کا ساتھ دیا جب وہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہونے سے بال بال بچے۔

فاسٹ باؤلرز کے خلاف محتاط انداز اپنانے والے پاکستانی کپتان نے اسپنر معین علی کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور ان کے ایک اوور میں چار چوکے مارے اور پھر ایک ریورس سوئپ کے ذریعے اسکور کو 99 تک پہنچا دیا۔

اگلے اوور میں مصباح نے اسٹیون فن کی گیند پر رن لے کر اپنے 62ویں ٹیسٹ میچ میں 154 گیندوں پر 17 چوکوں سے مزین سنچری مکمل کی۔

تبصرے (0) بند ہیں