وسیم نے سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا

17 جولائ 2016
محمد وسیم نے فلپائن کے باکسر کو شکست دے کر مقابلہ اپنے نام کیا۔ تصویر بشکریہ اینڈی کم
محمد وسیم نے فلپائن کے باکسر کو شکست دے کر مقابلہ اپنے نام کیا۔ تصویر بشکریہ اینڈی کم

پاکستان کے واحد پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے جیتھر الیوا کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔

سیئول میں جاری ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل سلور فلائی ویٹ ٹائٹل کیلئے ہونے والے مقابلے میں وسیم نے 12 مقابلوں کے بعد فتح اپنے نام کی۔

گزشتہ برس پروفیشنل باکسنگ شروع کرنے والے وسیم نے اپنے پروفیشنل کیریر کے آغاز سے پہلے امریکا اور جاپان میں بھی تربیت حاصل کی اور پاکستان کیلئے کامن ویلتھ گیمز میں بھی تمغہ حاصل کر چکے ہیں۔

سیئول میں آج 52 کلو گرام کے فلائی ویٹ کے مقابلے میں مجموعی طور پر بارہ رائونڈز کی فائیٹ ہوئی جس میں فتح نے وسیم کے قدم چومے۔

فائٹ سے قبل وسیم کے منیجر اینڈی کم نے کہا تھا کہ 28 سالہ باکسر اپنی زندگی کی سب سے اہم فائٹ کیلئے اس وقت اچھی فارم میں ہیں اور ٹائٹل جیتنے سے ان کے کیریئر میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وسیم بہترین فارم میں ہیں اور کورین باکسر ان کے قریب بھی نہیں۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے وسیم اس سے قبل اپنی تینوں فائٹ میں حریف باکسرز کو ناک آؤٹ کر کے فتوحات اپنے نام کر چکے ہیں اور وہ 2014 کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں جبکہ 2010 کے ورلڈ کامبیٹ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

ریس جیت کر وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری کی عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں