طیارے کی کریش لینڈنگ، دبئی ایئرپورٹ بند

اپ ڈیٹ 03 اگست 2016
طیارے میں سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ علیم باوانی
طیارے میں سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ علیم باوانی

دبئی: ہندوستان سے 300 مسافروں کو دبئی لے جانے والے ایمرٹس کے جہاز میں دبئی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی تاہم تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایمرٹس ایئرلائن کی پرواز ای کے 521 ہندوستانی ریاست کیرالہ سے دبئی پہنچی تھی.

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر منظرعام پر آنے والی تصاویر میں جہاز سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

حادثے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہ ہوسکیں۔

دبئی میں حکومت کے میڈیا دفتر سے ٹویٹر میں جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ 'ایمرٹس کا جہاز ہندوستان سے واپسی پر دبئی میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور تاحال کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے'۔

حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایمرٹس کے بوئنگ 777 کو پیش آنے والے حادثے کے بعد دبئی انٹرنیشنل ائرپورٹ کو'مزید احکامات تک' آمد ورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ایمرٹس نے اپنے ٹویٹر میں پیغام دیا ہے کہ 'ہم تصدیق کرسکتے ہیں کہ ہندوستان سے آنے والی فلائٹ ای کے 521 کو دبئی انٹرنیشنل میں حادثہ پیش آیا'۔

ایمرٹس کے مطابق جہاز میں 282 مسافروں کے علاوہ عملے کے 18 افراد بھی سوار تھے، مسافروں میں 226 ہندوستانی، 24 برطانوی اور 11 افراد اماراتی باشندے تھے۔

واضح رہے ایمرٹس نے ابتدائی طور پر 275 مسافروں اور عملے کی خبر دی تھی۔

دبئی کے میڈیا دفتر کہنا تھا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور ائرپورٹ پر موجود ایمرجنسی ٹیمیں اور امارات اس طرح کے حادثات سے نمٹنے کے لیے اچھی تربیت کی حامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں

Muhammad kashif munir bhatti Aug 03, 2016 07:19pm
though Emirates is number one flight in World but its also true that Planes and services of Emirates for Europe ,for America are of Super class but when we travel from dubai to Pakistan the Planes and services are of low class and behaviour of Staff is very rude. what an attitude of Emirates.