اعتزاز حسن کو فلم کی صورت میں ’سلیوٹ‘

12 اگست 2016
اعتزاز حسن — فوٹو/ فائل
اعتزاز حسن — فوٹو/ فائل

پشاور کے ایک سرکاری سکول میں خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے اپنی جان دینے والے ایک طالب علم اعتزاز حسن کی زندگی پر بننے والی فلم ’سلیوٹ‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

اس ٹیزر کا آغاز ’نہ یہ دہشت گرد بچیں گے اور نہ ہی ان کے سہولت کار‘ سے کیا گیا جس کے بعد دکھایا گیا کہ پاکستانی فوج دہشت گردوں کے خلاف سخت آپریشن کررہی ہے۔

شہزاد رفیق کی فلم ’سلیوٹ‘ نوعمر طالبعلم اعتزاز حسن کی زندگی اور ہیروانہ اقدام پر ہے جس میں اس نے 5 جنوری 2014 کو اپنی زندگی خود کش بمبار کو اسکول میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے قربان کردی اور اس طرح ہنگو کے ابراہیم زئی نامی گاﺅں کے 400 طالبعلموں کی زندگیاں بچالیں۔

مزید پڑھیں: اعتزاز حسن: پاکستانی قوم کا ہیرو

واضح رہے کہ گزشتہ سال ہنگو کے ایک سکول میں یونیفارم میں ملبوس خود کش حملہ آور کو اعتزاز حسن نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں اعتزاز بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا تھا۔

اعتزاز کے والد مجاہد علی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ 'میں اپنے عزیز ترین بیٹے کو گنوا چکا ہوں لیکن اس نے جو کیا مجھے اس پر کوئی افسوس نہیں۔ اس نے دلیرانہ کام کیا اور میں اس کی بہادری پر خوش ہوں'۔

ہنگو کے اس ہیرو کی زندگی پر بننے والی فلم رواں سال 2 ستمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں