انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ویمن کرکٹ سیریز میں تاخیر پر نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 'معاملے کو ایونٹ ٹینیکل کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا ہے جس پر کمیٹی جتنا ممکن ہو جلدی فیصلہ کرے گی اور اس کو اعلامیے کے ذریعے میڈیا کو کردیا جائے گا'۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور انڈیا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز رواں سال اکتوبر سے قبل ہونا تھی لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو سیریز کو کسی غیرجانب دار مقام پر کھیلنے کی پیش کش سے آگاہ نہیں کیا۔

پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان سیریز اس لیے طے کی گئی تھی کہ ورلڈ کپ 2017 میں ٹیموں کا انتخاب ہوجائے۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق فروری 2017 سے قبل سرفہرست 4 ٹیمیں ویمن ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گے جبکہ دیگر چار ٹیمیں کوالیفائنگ مرحلے سے گزر کرسامنے آئیں گی جس کا انعقاد فروری 2017 میں ہوگا۔

پی سی بی اہلکار نے امید کا اظہار کیا کہ ہندوستان کی جانب سے کھیلنے سے انکار کی صورت میں پاکستان کو 6 پوائنٹس حاصل ہوں گے'۔

آئی سی سی کی درجہ بندی میں ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کا 8 پوائنٹس کے ساتھ ساتواں نمبر ہے اور اگر پاکستان کو 6 پوائنٹس مل گئے تو دونوں ٹیموں کو براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔

پاکستان اور انڈیا کی خواتین ٹیموں کے درمیان ایک مقابلہ 29 نومبر کو طے ہے جو تھائی لینڈ میں ایشیا کپ کے دوران کھیلا جائے گا۔

واضح رہے پاکستان اور انڈیا کےدرمیان کرکٹ سیریز سیاسی تناؤ کے باعث ممکن نہیں ہوپارہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں