نیوزی لینڈ کی کرائسٹ چرچ میں آسان فتح
نیوزی لینڈ نے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل کی بدولت پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
پہلی اننگز کی طرح پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں بھی ناکام رہی اور پوری ٹیم 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی، نیل ویگنر اور ٹرینٹ بولٹ نے تین تین وکٹیں لیں۔
جواب میں کین ولیمسن اور جیت راول کی بالترتیب 61 اور 36 رنز کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے باآسانی دو وکٹ کے نقصان پر 105 رنز کا ہدف حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
پہلا میچ کھیلنے والے کولن ڈے گرینڈ ہوم کو پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی سمیت میچ میں سات وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 25 نومبر سے ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔
















