سانحہ 12 مئی کیس: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا سماعت سے انکار
کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے سانحہ 12 مئی کے کیس کی سماعت سے انکار کردیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ 12 مئی کے از خود نوٹس کیس کو ری اوپن کرنے کے حوالے سے سماعت کی جانی تھی تاہم بینچ کے سربراہ جسٹس سجاد علی شاہ نے کیس کی سماعت سے انکار کردیا۔
جسٹس سجاد علی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 'میں بھی سانحہ 12 مئی کے متاثرین میں سے ایک ہوں، لہذا اس کیس کی سماعت نہیں کرسکتا'۔
جس کے بعد جسٹس سجاد علی شاہ نے کیس کی سماعت کے لیے معاملہ بینچ نمبر 2 کو بھجوادیا، اب اس کیس کی سماعت جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی ڈویژن بینچ کرے گا۔
کیس کی سماعت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:سانحہ 12 مئی: ملک بھر میں وکلاء کا یوم سیاہ
خیال رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور آمریت میں جب وکلاء تحریک اپنے عروج پر تھی، 12 مئی 2007 کے روز سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد کے موقع پر ان کے استقبال کے لیے آنے والے سیاسی کارکنوں پر نامعلوم افراد نے گولیاں برسا دی تھیں۔
شہر میں کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب غیر فعال چیف جسٹس افتخار احمد چوہدری سندھ ہائی کورٹ بار سے خطاب کرنے کے لیے کراچی پہنچے تھے۔
تاہم اُس وقت کی انتظامیہ نے انہیں کراچی ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
اس روز کراچی کے مختلف علاقوں میں کشیدگی کے دوران وکلاء سمیت 45 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔










لائیو ٹی وی