قائمہ کمیٹی اجلاس:پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کو شرکت کی اجازت

شائع November 28, 2016

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے، 53 روز کے بائیکاٹ کے بعد پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو قومی اسمبلی و سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔

پارٹی نے پاناما لیکس اسکینڈل کے حوالے سے تیار کی گئی مختصر ویڈیو بھی جاری کی، جس میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے متنازع بیانات شامل ہیں۔

پارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

تاہم پاناما لیکس اسکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کا فیصلہ آنے تک، پی ٹی آئی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھے گی۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے ڈان کو بتایا کہ ’پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کو قائمہ کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کی اجازت کا فیصلہ اس لیے کیا گیا، تاکہ وہ پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کا بائیکاٹ، پی ٹی آئی کے اندر ہی پھوٹ پڑ گئی

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کا خیال تھا کہ ان دنوں پارلیمنٹ میں اہم قانون سازی ہورہی ہے، اس لیے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو حکومتی اراکین کو اپنی مرضی کے مطابق قانون سازی کے لیے کھلا میدان نہیں چھوڑنا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ان دنوں پارلیمنٹ میں اہم قانون سازی، جیسا کہ انکوائری کمیشن ایکٹ، جو پاناما لیکس کیس پر بھی نظر انداز ہوسکتا ہے، 24ویں آئینی ترمیم اور انتخابی اصلاحات پر غور ہورہا ہے، ایسے میں پی ٹی آئی کی وہاں موجودگی ضروری ہے تاکہ قانون سازی پر نظر رکھی جاسکے اور اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ یہ قانون سازی عوامی بھلائی کے لیے ہے، نہ کہ حکمرانو کے تحفظ کے لیے۔‘

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے 4 اکتوبر سے قائمہ کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا تھا، جب اس نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کے مظالم کے حوالے سے بحث کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’جب تک سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے پارلیمنٹ نہیں جائیں گے‘

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پی ٹی آئی کے اراکین قائمہ کمیٹی کے اجلاسوں میں عموماً انتہائی بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہیں اور حکومتی معاملات میں خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہیں، اس لیے اجلاسوں میں ان کی کمی نمایاں طور پر محسوس ہوتی ہے۔

تحریک انصاف کے اس اجلاس میں مختصر ویڈیو بھی جاری کی، جس میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے متنازع بیانات شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کا بائیکاٹ: پی ٹی آئی فیصلے پر نظرثانی کو تیار

پارٹی عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ ’اس دستاویزی فلم میں شریف خاندان کے ارکان کے اپنے اثاثوں اور آف شور کمپنیوں کے حوالے سے ویڈیو کلپنگز، بیانات اور انٹرویوز شامل ہیں، ویڈیو میں ان کے وہ سیاسی بیانات بھی شامل ہیں جن میں انہوں نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کیے جو پورے نہ ہوسکے، جبکہ سیاسی مخالفین کے حوالے سے دیئے جانے والے بیانات بھی شامل ہیں۔‘

ویڈیو کے کلپس پہلے بھی مختلف عوامی جلسوں میں دکھائے جاچکے ہیں۔


یہ خبر 28 نومبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025