پال رائفل سر پر گیند لگنے سے زخمی
ممبئی: کرکٹ میں کھلاڑیوں کے سر پر گیند لگنے کے سبب زخمی ہونے کے واقعات تو رونما ہوتے رہے ہیں لیکن انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میچ میں امپائر سر پر گیند لگنے سے ہسپتال جانے پر مجبور ہو گئے۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں فیلڈر کی جانب سے تھرو سر پر لگنے کے سبب آسٹریلین امپائر پال رائفل زخمی ہو گئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعہ 49ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب روی چندرہ ایشون کی گیند پر انگلش بلے باز کیٹن جیننگز نے اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ کھیلا۔ اس موقع پر فیلڈر بھونیشور کمار نے گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو درمیان میں کھڑے پال رائفل کے سر پر جا لگی۔
اس موقع پر چتیشور پجارا نے رائفل کو خبردار کرنے کی کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور گیند سیدھی ان کے سر پر جا لگیجس سے وہ فوراً زمین پر ڈھیر ہو گئے۔
تاہم خوش قسمتی بھونیشور ی تھرو زیادہ تیز نہیں تھی جس کی وجہ سے پال رائفل کو زیادہ سنگین چوٹ آنے کا خدشہ نہیں۔
اس موقع پر کھیل 10 سے 12 منٹ تک رکا رہا اور پھر گراؤنڈ میں موجود انگلش ٹیم کے عملے کی مدد سے پال رائفل کو میدان سے باہر لے جایا گیا جنہیں بعد میں میدان سے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پال رائفل کی جگہ تھرڈ امپائر میریس ایراسمس نے میدان میں آ کر ذمے داریاں سنبھالیں اور خوش قسمتی سے گراؤنڈ میں ایک خصوصی کورس کیلئے موجود ایلیٹ پینل کے امپائر چٹی ہوڈی شمس الدین موجود تھے اور فورتھ امپائر کی جگہ انہوں نے یہ ذمے داریاں سنبھالیں کیونکہ ڈی آر ایس کے بارے میں وہ فورتھ امپائر نیتن مینن سے زیادہ بہتر جانتے ہیں۔











لائیو ٹی وی