اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے قاتل گرفتار

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2016
قسمت بیگ کا تعلق لاہور سے تھا — فوٹو بشکریہ/ ٹوئٹر
قسمت بیگ کا تعلق لاہور سے تھا — فوٹو بشکریہ/ ٹوئٹر

پولیس نے لاہور میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے 3 قاتلوں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے رانا مزمل نامی شخص کے اکسانے پر اداکارہ کو 23 نومبر کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

قسمت بیگ کو 3 نامعلوم ملزمان نے 23 نومبر کی صبح ان کے گھر کے باہر فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں اداکارہ شدید زخمی ہوئیں اور بعدازاں سروسز ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار کے مطابق رانا مزمل نامی شخص نے رضوان، عبدل رحمٰن اور اعظم کے ہاتھوں قسمت بیگ کا قتل کروانے کا اعتراف کرلیا، جسے جمعرات 8 دسمبر کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: لاہور: فائرنگ سے زخمی ہونے والی اسٹیج اداکارہ چل بسیں

رانا مزمل نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس نے قسمت کو اس لیے قتل کروایا کیوں کہ اداکارہ نے ان کے ڈرامے میں پرفارم کرنے سے انکار کیا اور پیسے بھی نہیں لوٹائے تھے۔

ایک اور تفتیش کار کے مطابق رانا مزمل نے دبئی جاکر ان قاتلوں کو اجرت پر حاصل کیا تھا۔

اس کیس کے حوالے سے 40 تھیٹر اداکاروں سے بھی تفتیش کی گئی۔

یہ خبر 9 دسمبر 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں