کراچی کیلئے فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں،وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی: شہر قائد سے ہر طرح کی تجاوزات ختم کی جائیں گی اور خراب حالات میں موجود پارکس کو ’پارکس کو اپنانے‘ کے پروگرام کے تحت مختلف پارٹیوں کے حوالے کیا جائے گا، تاکہ ان کے حالات میں سدھار لاکر شہر کی خوبصورتی کو بحال کیا جاسکے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں میئر کراچی وسیم اختر، وزیر بلدیات جام خان شورو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرا بھی موجود تھے، جس میں 100 روزہ صفائی مہم کے منصوبے اور اسے درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے میئر کراچی کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ’فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں اور میں شہر کی بہتری کے لیے فنڈز کا انتظام کرسکتا ہوں، کیونکہ کراچی کے عوام کی خدمت سیاست اور پارٹی وابستگی سے بالاتر ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں: 'کراچی رہنے کے قابل نہیں رہا'
انہوں نے کہا کہ ’یہ شہر جتنا دوسرے شہریوں کا ہے اتنا میرا بھی ہے اور ہم سب کو مل کر اسے صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہے۔‘
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’شہر کے کئی مسائل ہیں جن میں خستہ حال سڑکیں،ٹوٹی اور جام گٹر لائنیں، گندگی کے ڈھیر سرفہرست ہیں، میں یہ اس لیے جانتا ہوں کیونکہ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کا جائزہ لینے اور دیگر وجوہات کی بنا پر شہر کا دورہ کرتا رہتا ہوں۔‘
میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ’ان مسائل کے علاوہ کراچی کو فائر انجن اور اسنارکل ٹرکس کے مسائل کا بھی سامنا ہے، جبکہ شہر کے پارکس کی حالت بھی انتہائی خراب ہوچکی ہے۔‘
انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا کہ ’اگر آپ کی مدد ساتھ رہی تو 100 صفائی مہم کے دوران سڑکوں کی معمولی مرمت، نکاسی اور پانی کی سپلائی لائنز کی مینٹیننس بھی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: کراچی: 100 روزہ ’صفائی مہم‘ کا آغاز
مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ میئر کراچی کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے وزیر بلدیات جام خان شورو کو وسیم اختر کے ساتھ بیٹھ کر سڑکوں، پانی کی سپلائی لائنز اور نکاسی کے نظام میں بہتری لانے، فائر انجن کی خریداری اور شہر سے گندگی کے ڈھیر اٹھانے کے لیے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں سڑکوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات گرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے سندھ حکومت میئر کو ’اینٹی انکروچمنٹ فورس‘ کی خدمات فراہم کرے گی۔
ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ خراب حالات میں موجود پارکس کو ’پارکس کو اپنانے‘ کے پروگرام کے تحت مختلف پارٹیوں کے حوالے کیا جائے گا، تاکہ ان کے حالات میں سدھار لاکر شہر کی خوبصورتی کو بحال کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: کچرےکو'آخری آرام گاہ'تک پہنچائیں گے،ایم کیو ایم
شرکا نے متعلقہ کمپنیوں کو اسنارکل ٹرکس کے مینٹیننس کانٹریکٹس دینے کا بھی فیصلہ کیا۔
مراد علی شاہ نے وسیم اختر سے کہا کہ ’شہر کی بہتری کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، جس کے لیے میں آپ کو بلاتاخیر زیادہ سے زیادہ وسائل، تکنیکی اور ہر طرح کی مدد فراہم کروں گا۔‘
یہ خبر 15 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔











لائیو ٹی وی