• KHI: Cloudy 20.6°C
  • LHR: Fog 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C
  • KHI: Cloudy 20.6°C
  • LHR: Fog 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C

'آپ ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے'

شائع January 6, 2017
ویرات کوہلی 2008 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے دھونی کی کپتانی میں ہر قسم کی کرکٹ کھیل چکے ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
ویرات کوہلی 2008 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے دھونی کی کپتانی میں ہر قسم کی کرکٹ کھیل چکے ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی کپتانی سے ریٹائر ہونے والے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو نہایت شاندار اور جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

ویرات کوہلی نے دھونی سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا اور کہا، 'نوجوانوں کے لیے بہترین رہنما ہونے کا بہت شکریہ، آپ ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے'۔

ویرات کوہلی 2008 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے دھونی کی کپتانی میں ہر قسم کی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

مہندرا سنگھ دھونی نے رواں ہفتے 4 جنوری کو ہندوستان کی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دیا تھا تاہم وہ بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔

مہندرا سنگھ دھونی کو ہندوستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک مانا جاتا ہے، ان کی قیادت میں انڈین ٹیم نے 2007 میں پہلا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا جبکہ 2011 میں ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ کپ اور چمپیئنز ٹرافی 2013 میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید پڑھیں:ایم ایس دھونی انڈین ٹیم کی قیادت سے مستعفی

ہندوستانی ٹیم نے دھونی کی قیادت میں 199 ایک روزہ اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جبکہ 2011 کے ورلڈ کپ میں چمپیئن بننے کے علاوہ 2015 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی کی۔

ان کی قیادت میں کھیلے گئے 191 میچوں میں ہندوستان کو 104 میں کامیابی اور 72 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 62 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 36 میں فتح اور 24 میں شکست ہوئی۔

دھونی نے 30 دسمبر 2014 کو ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ویرات کوہلی کو ٹیسٹ کا نیا کپتان مقرر کیا گیا اور اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی قیادت سے علیحدگی کے بعد ویرات کوہلی ہی کپتانی کے مضبوط امیدوار ہیں۔

دنیا بھر کے کرکٹرز نے دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی خدمات کا اعتراف کیا، جن میں مائیکل کلارک، مائیکل ووگن، شاہد خان آفریدی اور ظہیر عباس شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025