بلیک بیری کا آخری اسمارٹ فون

27 فروری 2017
— فوٹو بشکریہ بلیک بیری
— فوٹو بشکریہ بلیک بیری

مشہور اسمارٹ فون کمپنی بلیک بیری نے اپنا آخری فون مرکری کا نام کی ون رکھ کر متعارف کرا دیا ہے۔

ویسے تو اس فون کی پہلی جھلک رواں سال جنوری میں لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو میں پیش کی گئی تھی۔

تاہم اب اسے باضابطہ طور پر بلیک بیری کے لائسنس کے ساتھ چینی کمپنی ٹی سی ایل نے متعارف کرایا ہے۔

جنوری میں بلیک بیری کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلیک بیری مرکری (اب کی ون) اس مشہور کمپنی کا ڈیزائن اور تیار کردہ آخری اسمارٹ فون ہوگا۔

واضح رہے کہ کینیڈا کی اس کمپنی نے گزشتہ سال ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ مالی مشکلات کے باعث وہ مزید اسمارٹ فونز تیار نہیں کرے گی اور اس طرح ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا تھا۔

بلیک بیری کسی زمانے میں موبائل فون کی دنیا میں راج کرنے والی کمپنی تھی مگر آئی فون اور اینڈرائیڈ فونز نے اس کی مقبولیت ختم کردی۔

مستقبل میں یہ کمپنی اپنے فون خود بنانے کی بجائے دیگر کمپنیوں پر انحصار کرے گی۔

کی ون بلیک بیری کے کیورٹی کی بورڈ کے ساتھ ہے جبکہ 4.2 انچ کی ٹچ اسکرین بھی ہے۔

اس میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے جبکہ فنگر پرنٹ ریڈر بھی اسپیس بار میں رکھا گیا ہے۔

اسی طرح تھری جی بی ریم، اوکٹا کور کوالکوم پراسیسر، 3200 ایم اے ایچ بیٹری، یو ایس بی سی پورٹ اور 18 میگا پکسلز کا کیمرہ اس کے نمایاں فیچرز ہیں۔

اس فون کو اپریل میں 549 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں