رد الفساد: فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک،آئی ایس پی آر

شائع March 2, 2017

پنجاب، بلوچستان اور فاٹا میں آپریشن ’رد الفساد‘ کے تحت کارروائیوں میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 20 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

فاٹا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی ایف آر بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

بیان میں کہا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی جاں بحق ہوئے، جن میں لیفٹیننٹ خاور اور نائیک شہزاد شامل ہیں۔

بلوچستان

قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ جاری ہے۔

آپریشن کے تحت بلوچستان کے علاقے کیچ اور اندور میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جبکہ 12 کو حراست میں لے لیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک جوان زخمی بھی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن ’رد الفساد‘ کا راولپنڈی سے آغاز

پنجاب

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان رینجرز پنجاب نے بھی لاہور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور اٹک میں سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کیے۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا۔

یاد رہے کہ بدھ 22 فروری کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا تھا اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس آپریشن کو شروع کرنے کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کا ملک بھر میں ’رد الفساد‘ آپریشن کا فیصلہ

22 فروری کو ہی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو 60 روز کے لیے خصوصی اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ لاہور میں 13 فروری کو ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد کیا گیا جس میں 13 افراد ہلاک اور 85 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025