'ورلڈکپ تک رسائی کیلئے دورہ ویسٹ انڈیز اہم ہے'

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2017
سرفراز کا کہنا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں گزشتہ دوسالوں میں ہماری کارکردگی بہتر نہیں رہی—فوٹو:پاکستان کرکٹ ٹیم فیس بک
سرفراز کا کہنا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں گزشتہ دوسالوں میں ہماری کارکردگی بہتر نہیں رہی—فوٹو:پاکستان کرکٹ ٹیم فیس بک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے دورہ ویسٹ انڈیز کو ورلڈکپ میں براہ راست رسائی کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہوئے بطور کپتان پی سی بی کے توقعات پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفرازاحمد نے کہا کہ 'یہ دورہ ہمارے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے جہاں کامیابی کی صورت میں کوالیفائر کھیلے بغیر ورلڈ کپ میں جانے کی ہماری توقعات مزید مضبوط ہوں گی'۔

سرفرازاحمد کا ماننا ہے کہ اعلیٰ درجے کی بلے بازی، فیلڈنگ اور باؤلنگ ویسٹ اندیز کے دورے میں کامیابی کے لیے بنیاد ہوسکتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں توقعات کے مطابق کامیابی حاصل کرنے کے لیے مستقل مزاجی کے ساتھ ساتھ غلطیوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے'۔

اظہرعلی کی جگہ ایک روزہ ٹیم کے نئے کپتان مقرر ہونے والے سرفراز نے کہا کہ 'یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ گزشتہ دوبرسوں میں ایک روزہ کرکٹ میں ہماری کارکردگی ٹھیک نہیں رہی ہے اور ٹریننگ کیمپ میں ان خامیوں کو دور کرنے کی بھرپور کوششیں کی گئی ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرنز ٹرافی میں عمر اکمل کی شاندار سنچری

ٹیم کی فیلڈنگ کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ 'یہ دیکھا گیا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں ہمارے بلے باز 290 سے 300 تک رنز کرتے ہیں لیکن ناقص فیلڈنگ اور کیچز گرانے کے باعث ان کی کوششوں پر پانی پھر جاتا ہے'۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'ہماری ایک روزہ ٹیم محمد عامر، وہاب ریاض، جنیدخان، حسن علی اور فہیم اشرف کی موجودگی میں بہتر ہے لیکن ہمیں میچوں میں فتح حاصل کرنے کے لیے اچھی باؤلنگ کے علاوہ اچھی بیٹنگ اور فیلڈنگ کرنا ہوگی'۔

سرفرازاحمد نے کامران اکمل کی موجودگی میں ان پر اضافی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 'فوری ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم ہر دورے سے قبل ایک اضافی وکٹ کیپر کو رکھتے ہیں اور کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں وکٹوں کے پیچھے شاندارکارکردگی اور بہترین بلےبازی کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے'۔

مزید پڑھیں:دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ 'امید ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے دورے میں ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کریں گے'۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل فسوس ناک

سرفرازاحمد نے پی ایس ایل میں پیش آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے شرجیل خان کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کو دل خراش قرار دیا کیونکہ وہ ایک روزہ ٹیم کے اہم حصہ تھے اور تینوں طرز کی ٹیم میں جگہ بنانے کے راستے پر گامزن تھے۔

پاکستانی ایک روزہ ٹیم کے کپتان نے شرجیل کے حوالے سے کہا کہ 'ان کی غیرموجودگی سے ٹیم کے تسلسل میں اثر پڑے گا لیکن نوجوان کھلاڑیوں سے اپنی موجودگی کو ثابت کرنے کے حوالے سے بڑی توقعات وابستہ ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کی گئی ہے جنھوں نے ڈومیسٹک سیزن کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل میں بھی متاثر کیا۔

پاکستان ٹیم دورے کا آغاز 26 مارچ کو کرے گی، دورے میں 4 ٹی ٹوئنٹی، 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں