فیس بک کی جانب سے اکثر خاموشی سے کچھ فیچرز متعارف کرا دیئے جاتے ہیں جس کا کروڑوں صارفین کو علم بھی نہیں ہوتا۔

اب فیس بک نے اپنے صارفین کے لیے بہت بڑی تبدیلی کردی ہے جس کا تجربہ آج تک انہیں نہیں ہوا ہوگا اور اس کا اظہار کسی رنگا رنگ اسٹیٹس سے ہوگا۔

جی ہاں اب آپ اپنے اسٹیٹس کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس کے پس منظر میں رنگ بھی بھر سکتے ہیں۔

ویسے تو یہ فیچر گزشتہ سال سے اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہے مگر اب اسے ڈیسک ٹاپ صارفین اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس کا استعمال بہت آسان ہے بس اپنے فیس بک ڈیسک ٹاپ ورژن کے اسٹیٹس پر جائیں اور کچھ لکھنا شروع کریں، وہاں نیچے آپ کو یہ آپشن نظر آئے گا جو آپ تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

آپ وہاں رنگوں کا انتخاب کرسکتے ہیں جسے اسٹیٹس کے بیک گراﺅنڈ کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔

ابھی فیس بک کی جانب سے سفید سے ہٹ کر سات رنگوں کو بیک گراﺅنڈ کے طور پر استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

بظاہر اس تبدیلی کا مقصد صارفین کو اپنے مزاج کے مطابق اسٹیٹس کو رنگ دینا ہے جیسے خوش ہیں تو پیلا رنگ یا اداس ہیں تو گرے۔

اس تبدیلی کے نتیجے میں اسٹیٹس اپ ڈیٹ بھی بالکل مختلف ہوگئی یعنی بیک گراﺅنڈ کے درمیان بولڈ سفید ٹیکسٹ نمایاں نظر آیا ہے بالکل کسی روزنامے کی سرخی جیسا لگتا ہے۔

اور ہاں اگر آپ کلر اسٹیٹس استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے الفاظ کی گنجائش محدود ہے، یعنی آپ زیادہ الفاظ لکھ کر انہیں کلر نہیں کرسکتے۔

یہ ٹیکسٹ کلر میں زیادہ ہائی لائیٹ ہوگا جبکہ اسے کاپی کرنا ممکن ہوگا کیونکہ یہ کوئی تصویر نہیں ہوگی۔

اگر آپ کے پاس ابھی یہ اپ ڈیٹ نہیں آئی تو کچھ گھنٹے یا دن انتظار کرلیں بہت جلد یہ آپ کے اکاﺅنٹ کا بھی حصہ بن جائے گی۔

یہ فیچر فیس بک کی جانب سے لوگوں کو اپنے خیالات کا اظہار زیادہ سے زیادہ کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کا حصہ ہے جس کی شرح کم ہونے پر یہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ کافی پریشان ہوچکی ہے۔

تو اگر آپ کی نیوز فیڈ بہت جلد رنگا رنگ پیغامات سے بھری نظر آئے تو حیران ہونے کی بجائے آپ بھی اس کو آزما سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں