چکوال: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8 اپریل کو چکوال میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے راستے جدا کر لیئے۔

پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت کی اس حوالے سے اعلیٰ سطح کی مشاورت ہوئی، جس میں پارٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری کے خلاف تقریر پر چکوال کے ضمنی انتخاب میں حمایت واپس لینے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی تنظیم اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے حمایت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا اور اب پیپلز پارٹی چکوال کے انتخاب میں تحریک انصاف کی حمایت نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ چکوال:عمران خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس

چوہدری منظور احمد نے کہا کہ ’تحریک انصاف نے پہلے درخواست کرکے حمایت لی، پھر قیادت پر بے بنیاد تنقید کی، تحریک انصاف کو سیاسی آداب سیکھنے اور الزام تراشی کی سیاست ترک کرنا ہوگی، جبکہ عمران خان کا پارٹی قیادت کے بارے میں الزامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چکوال کا دورہ کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے عمران کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پارٹی انتخابات نہ کرانے پر’پی ٹی آئی‘کا انتخابی نشان روک لیا گیا

شوکاز نوٹس میں عمران خان کو ضمنی انتخاب سے قبل چکوال میں جلسہ کرکے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے 6 اپریل تک جواب دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹر پارٹی انتخابات نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نشان الاٹ کرنے سے بھی روک لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں