’حملے کے وقت ہی سمجھ لیا تھا دنیا ختم ہوگئی‘
افغان فورسز کی جانب سے 6 مئی کو چمن کے قریب پاکستانی علاقے میں کی گئی کارروائی سے اپنے 2 بچوں کو آنکھوں کے سامنے ہلاک ہوتا دیکھنے والے بدقسمت باپ عبدالہادی نے آنسوں بہاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس وقت ہی محسوس کرلیا تھا کہ ان کی دنیا اب ختم ہوگئی، جب انہوں نے اپنے 2 معصوم بچوں کے کپڑوں کو خون آلود دیکھا۔
پاک-افغان سرحد سے 2 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں کلی غزنی میں 8 سالہ نازیہ اور 9 سالہ فریداللہ اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہے تھے کہ اچانک افغان فورسز کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ ان کے گھر میں آگرا، اور وہ چل بسے۔
عبدالہادی نے اس ہولناک واقعے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ’ وہ چمن بازار میں تھے کہ ان کی موبائل کی گھنٹی بجی، اور انہیں بتایا گیا کہ افغان فورس کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ ان کے گھر میں گرا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: چمن:افغان فورسز کا حملہ، 12 افراد جاں بحق
عبدالہادی نے آنسوں بہاتے ہوئے بتایا کہ افغان فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر گولے سے ان کا ایک اور بیٹا، والدہ اور 3 بھتیجے بھی زخمی ہوئے۔

مارٹر گولے نے مٹی کی دیواروں سے بنے ان کے گھر کو بھی متاثر کیا، ان کے گھر میں زخمی ہونے والے 4 بچوں کو علاج کے لیے دارالحکومت کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 12 سال کے درمیان ہیں، اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے اذیت ناک واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ گھر پہنچے تو زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔
مزید پڑھیں: ’افغان فورسز کی فائرنگ سے 2 ہزار خاندان متاثر ہوئے‘
48 سالہ عبدالہادی چمن میں رکشہ چلاتے ہیں، ان کا خاندان انتہائی پسماندہ حالت میں زندگی گزار رہا ہے، اور ان کی غربت زخمی بچوں کو پہنے ہوئے کپڑوں اور مٹی کی دیواروں سے بنے تباہ ہونے والے مکان سے صاف عیاں ہو رہی تھی۔

اپنی دردناک کہانی کو ختم کرتے وقت عبدالہادی نے کہا’ وہ خون خرابہ نہیں امن چاہتے ہیں‘۔
خیال رہے کہ افغان فورسز کی جانب سے 5 مئی کو پاکستانی علاقے چمن میں مردم شماری کے عملے پر کی گئی فائرنگ اور شیلنگ سے کم سے کم 9 افراد ہلاک جب کہ 40 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ چمن کے علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں 30 اپریل سے مردم شماری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی افغان بارڈر پولیس کی جانب سے مشکلات پیدا کی جا رہی تھیں۔












لائیو ٹی وی