بیجنگ: رواں ماہ کے اختتام تک اپنے دوسرے یونٹ کے باقاعدہ نصب کیے جانے کے بعد ساہیوال کا پاور پلانٹ پاکستان میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا توانائی کا منصوبہ ہوگا جس سے ہر سال تقریبا 9 ارب کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس پلانٹ سے پیدا ہونے والی بجلی 1 کروڑ افراد کی توانائی کی ضرورت کو پورا کرے گی۔

کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا پہلا یونٹ 660 میگا واٹ کا افتتاح گذشتہ ماہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کیا گیا تھا جسے نیشنل گرڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔

660 میگاواٹ کی صلاحیت کا حامل پلانٹ کے دوسرے یونٹ کو ٹرائل پر چلا جاچکا ہے اور رواں ماہ کے اختتام تک اس کا باقاعدہ افتتاح کردیا جائے گا۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ساہیوال پلانٹ ایک انتہائی اہم توانائی کا منصوبہ ہے جو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت تعمیر کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی کمی کو بہت حد تک کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ چین کا ایک بلٹ ایک روڈ کا فیصلہ پاکستان میں مثبت اثرات مرتب کررہا ہے اور یہ روٹ پر موجود ممالک کی قمست بدل دے گا۔

چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ 17 میں سے 11 توانائی کے منصوبے ہنگامی بنیادوں پر پاکستان اور چین کی جانب سے مشترکہ طور پر سی پیک کے تحت تعمیر کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیشتر توانائی کے منصوبے 2019 تک مکمل ہوجانے کا امکان ہے جو پاکستان میں بجلی کے بحران کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے اور عوام کو سہولت مہیا کریں گے۔


یہ رپورٹ 5 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

Naveed Chaudhry Jun 05, 2017 09:29pm
Assalam O Alaikum, Let us show leadership and solve the problam of distribution and power theft.