فخر زمان نے سابق عظیم کپتانوں کو اپنا مداح بنا لیا

اپ ڈیٹ 10 جون 2017
فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف شاٹ کھیلتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز
فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف شاٹ کھیلتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز

چیمپیئنز ٹرافی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے اوپنر فخر زمان نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے۔

220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیل کر حریف ٹیم کو دباؤ میں لے لیا۔

مورنے مورکل نے 31 کے انفرادی اسکور پر نوجوان کھلاڑی کو پویلین رخصت کر دیا لیکن ان کے کھیلنے کے انداز نے شائقین کرکٹ اور ماہرین کے دل جیت لیے۔

کمنٹری پر موجود سابق کرکٹرز فخر زمان کے دلیرانہ انداز کے گن گاتے رہے جبکہ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کو بھی اپنا مداح بنا لیا۔

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اسٹیفن فلیمنگ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک سوال ضرور پوچھنا چاہیے۔ آخر یہ فخر زمان اب تک کہاں چھپے ہوئے تھے؟۔

اس پر آسٹریلیا کے سابق کپتان ڈیرن لیمن نے بھی سابق کیوی کپتان کے الفاظ کی تائید کی۔

ان کے ساتھ ساتھ مائیکل وان نے بھی فخر کیلئے تعریفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیند کے بہت اچھے اسٹرائیکر لگتے ہیں۔

اس سے قبل فخر زمان نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تو انہیں ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک نے کیپ پیش کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں