• KHI: Sunny 26.3°C
  • LHR: Sunny 20.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.8°C
  • KHI: Sunny 26.3°C
  • LHR: Sunny 20.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.8°C

ایل او سی فائرنگ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی

شائع June 29, 2017

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک نوجوان کی ہلاکت پر پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر رگھورام کو طلب کرکے بھارت کی جانب سے نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی کی مزمت کی۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں موجود بھارتی فوج کی فائرنگ سے دوتھیلا گاؤں کے رہائشی 22 سالہ عبدالوہاب جاں بحق ہوگیا تھا۔

بھارتی فوج کی فائرنگ کی وجہ سے دیگر 4 افراد بھی زخمی ہوئے تھے جن میں مہرا گاؤں کے رہائشی محمد شکیل، آصف محمود، محمد ارشد اور سفیرا بی بی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایل او سی:بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانا ایک قابل مذمت فعل ہے جو انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔

ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور اس واقعے سمیت ایل او سی پر فائرنگ کے دیگر واقعات کی تحقیقات کرائے۔

ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک نے مراسلے میں بھارتی ہم منصب کو باور کرایا کہ وہ اپنی فوج سے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کرائے اور ایل او سی پر امن قائم رکھے۔

حال ہی میں 22 جون کو نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون اور کم سن لڑکی زخمی ہوئی تھیں جبکہ 15 جون کو ضلع بھمبر میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سیز فائر کی خلاف ورزی، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا رابطہ

یاد رہے کہ 12 جون کو کوٹلی کے علاقے تتہ پانی میں بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق رواں برس جنوری سے اب تک بھارت لائن آف کنٹرول پر 400 سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، جبکہ گذشتہ برس یہ تعداد 382 تھی۔

حالیہ ہلاکت کے بعد جنوری سے اب تک بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 تک جا پہنچی ہے جبکہ ان واقعات میں 68 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025