آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی کامیابی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو امید ہے کہ سری لنکن کرکٹ رواں سال کے آخر میں ٹیم ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ڈان ڈاٹ کام کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیریز کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں لیکن اب تک کچھ حتمی ہے۔

ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہمارے سری لنکن ہم منصبوں نے سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم نومبر یا دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔

دوسری جانب سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ نے پی سی بی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز ممکنہ طور پر صرف لاہور میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میزبان ملک سری لنکن کرکٹ ٹیم کو ہائی پروفائل سیکیورٹی فراہم کرے گا اور یہ سیکیورٹی رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کے برابر ہوگی۔

عہدیدار نے کہا کہ ’پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ستمبر میں آئی سی سی کی ورلڈ الیون ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی، جس میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں