اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مزید 3 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی (اے پی پی) کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم ہاﺅس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کی سربراہی میں ہوا، جس میں پہلے سے منظور کردہ مقدار کے علاوہ مزید 3 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔

چینی کی مزید برآمد کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے تشکیل کردہ بین الوزارتی کمیٹی اور شوگر ایڈوائزری بورڈ کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر اسٹیٹ بینک چینی کے برآمدی کوٹے کی منظوری دے گا اور اس عمل کی نگرانی بھی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری

یاد رہے کہ قبل ازیں حکومت پہلے ہی چینی کی ایک مناسب مقدار برآمد کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔

دریں اثنا اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اور بیلاروس کی حکومتوں کے درمیان صنعتی، سائنسی اور تکنیکی معاونت کے تحت ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے استثنیٰ کی منظوری بھی دی، جس کی تجویز وزارت صنعت و پیداوار نے دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں