کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک-ایران سرحد کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالجبار بلوچ کے مطابق پاک-ایران سرحد پر چیدگی کے مقام پر دھماکا ہوا، تاہم دھماکے کی نوعیت کا فوری طور پر تعین نہیں کیا جاسکا۔

دھماکے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 5 زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں:بلوچستان: ضلع پنجگور سے 6 لاشیں برآمد

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں عام شہری، لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چمن میں دھماکا، ڈی پی او سمیت 2 شہید

صوبائی انتظامیہ نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں