محمد رفیع کی یاد اور ان کے 5 بہترین گانے
سروں کے بادشاہ محمد رفیع کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 37 سال بیت چکے ہیں، لیکن ان کے گانے آج بھی موسیقی کی دنیا کے لیے کسی قیمتی اثاثے سے کم نہیں۔
24 دسمبر 1924 کو پیدا ہونے والا یہ گلوکار داتا کی نگری کے معروف محلے بھاٹی گیٹ کی گلیوں میں جوان ہوا، وہ ہر روز شہر کے سب سے بڑے لارنس گارڈن جا کر اپنی سریلی آواز کا جادو جگاتے تھے۔
مزید پڑھیں: سروں کے بادشاہ محمد رفیع کی برسی
ممبئی کی فلم انڈسٹری کے لیے محمد رفیع کی آواز کسی نعمت سے کم نہ تھی، وقت کے نامور موسیقاروں نے ان کی آواز کو قدرت کا انمول عطیہ جان کر اپنی لازوال دھنوں میں ڈھالا۔
برصغیر کے عظیم گلوکار اور موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ محمد رفیع کے 5 کامیاب گانوں کی فہرست یہاں ترتیب دی گئی ہے:
کیا ہوا تیرا وعدہ
محمد رفیع کو اس گانے کے لیے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، یہ صرف اپنے دور کا ہی کامیاب گانا نہیں بلکہ آج بھی موسیقی پسند کرنے والے لوگ اس گانے کے مداح ہیں۔ یہ 1973 کی کامیاب فلم ’یادوں کی بارات‘ میں پیش کیا گیا تھا۔
یہ دنیا یہ محفل
مشہور زمانہ کہانی ’ہیر رانجھا‘ پر مبنی فلم میں یہ گانا شامل کیا گیا تھا، جسے محمد رفی نے اپنی شاندار آواز سے اس حد تک کامیاب کیا کہ اس دور میں ہر کسی کی زبان پر صرف یہی گانا چھایا رہا۔
یہ چاند سا روشن چہرہ
ہندوستان کے کامیاب اداکار شمی کپور کی فلموں کے کئی گانے محمد رفیع نے گائے، ان میں سے ایک یہ گانا بھی ہے، کشمیر میں فلمایا گیا یہ گانا فلم ’کشمیر کی کلی‘ کا ہے۔
تیری بندیا رے
فلم ’ابھی مان‘ کے اس گانے کو محمد رفیع کے ساتھ لاتا منگیشگر نے گایا، یہ 1973 کا کامیاب گانا ثابت ہوا تھا۔
گلابی آنکھیں جو تیری دیکھی
1970 کی فلم ’دی ٹرین‘ کا گانا ’گلابی آنکھیں‘ آج بھی بولی وڈ فلموں میں استعمال کیا جارہا ہے، تیز موسیقی کے ساتھ بنایا یہ گانا باربار سننے پر مجبور کردیتا ہے۔