’نواز شریف کی نااہلی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے‘

شائع August 6, 2017

مانسہرہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائر محمد صفدر نے سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے پاناما پیپرز کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ملک، آئین اور عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ سازش قرار دیتے ہوئے تحریک چلانے کا اعلان کیا۔

ن لیگ کی مقامی قیادت کی جانب سے مانسہرہ میں ایبٹ آباد روڈ پر ریلی منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ نواز شریف کی نااہلی کے خلاف اور 1973 کے آئین کی بالادستی کے لیے ایک تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'نوازشریف کی الیکشن 2018 میں کامیابی کی راہ ہموار ہوگئی'

نواز شریف کے حق میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سازش بھارت اور اسرائیل کی جانب سے تیار کی گئی۔

کیپٹن ریٹائر محمد صفدر نے اپنی اعلان کردہ تحریک کے حوالے سے کہا کہ اس تحریک کا آغاز بھی اسی جگہ سے ہوگا جہاں سے ’ریشمی رومال‘ اور دیگر تحریکوں کا آغاز ہوا تھا۔

سابق وزیراعظم کے داماد کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے سیاسی دور کے آغاز سے ہی سازشوں کا شکار رہے جبکہ انہیں ہمیشہ سازشوں کے ذریعے ہی اقتدار سے ہٹایا گیا۔

ن لیگ کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب عوام ایسی سازشوں کو مزید برداشت نہیں کرے گی، ایسے فیصلوں سے قوموں کے وجود کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما کیس فیصلہ: ’تاریخ اس کو غلط تصور کرے گی‘

انہوں نے کہا کہ ایسے ممالک جہاں انصاف کی فراہمی نہ ہو وہ بنگلہ دیش بن جاتے ہیں تاہم ن لیگ ملک کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کا قلع قمع کرے گی۔

مریم نواز کے خاوند کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو کہنا چاہتے ہیں کہ نواز شریف جھوٹے نہیں ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے حوالے سے کیپٹن ریٹائر صفدر نے کہا ’عمران خان سب سے بڑے جھوٹے ہیں، عائشہ گلالئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد عمران خان پر مزید بات نہیں کرنا چاہتا‘۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف زئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک عظیم رہنما ہیں جہیں غیر منصفانہ طریقوں سے ان کے عہدے سے ہٹایا گیا۔


یہ رپورٹ 6 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

محمد آصف ملک Aug 06, 2017 05:39pm
عدالت نے نااہل کیا ہے اور وہ بھی کرپشن کےسنگین الزامات پر اور جھوٹ پر۔ احتجاج کرکے عوام کا وقت برباد مت کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025