گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جی ٹی روڈ ریلی کے دوران لالہ موسیٰ کے علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے 12 سالہ بچے احمد چغتائی کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوئری کمیٹی تشکیل دے دی۔

پولیس نے واقعے سے متعلق درج کیس میں ذمہ دار گاڑی کی نشاندہی کردی، اس کی شناخت ویڈیو فوٹیج کی مدد سے کی گئی ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق انکوئری ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ابوبکر خدا بخش کررہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر ارکان میں سابق انسپکٹر جنرل جیل خانہ پولیس کوکب نعیم وڑائچ اور ایڈیشنل سیکریٹری آف ہوم ڈپارٹمنٹ طاہر قیوم شامل ہیں۔

مذکورہ ٹیم اپنی رپورٹ مکمل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی تاہم اس رپورٹ کی تکمیل کے حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم پولیس ذرائع کے مطابق رپورٹ آئندہ چند روز میں مکمل کرلی جائے گی۔

خیال رہے کہ پولیس نے مذکورہ واقعے کے درج مقدمہ نمبر 216/17 میں بچے کی ہلاکت کی ذمہ دار گاڑی بی ایم ڈبلیو، جس کا رجسٹریشن نمبر ایس ایس 785 ہے، کی نشاندہی کی ہے تاہم اس گاڑی کے مالک اور ڈرائیور کی تاحال نشاندہی نہیں کی جاسکی۔

مزید پڑھیں: نوازشریف کی ریلی: ایلیٹ فورس کی گاڑی کی ٹکر سے بچہ جاں بحق

اس سے قبل یہ رپورٹس سامنے آرہیں تھی کہ مذکورہ بچہ ریلی میں شریک سیکیورٹی اداروں کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا ہے۔

علاوہ ازیں مقتول بچے کی گذشتہ روز مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی، اس کی نماز جنازہ جی ٹی روڈ پر قائم بہاری کالونی کے پبلک پارک میں ادا کی گئی تھی جس میں وزیر مملکت ظفر اقبال، مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی میاں طارق محمود اور اشرف دینو، سابق صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلعی صدر چوہدری الیاس، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر طارق سلیم، چیئرمین لالہ موسیٰ میونسپل کمیٹی نعیم اصغر کائرہ اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل گجرات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی میں شامل ایلیٹ فورس کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ نواز شریف نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان سے تعزیت کے لیے میں خود ان کے گھر جاؤں گا۔

جائے حادثے پر موجود جاں بحق بچے احمد کے والد بیٹے کی لاش کو دیکھ کر ہوش ہوگئے بعد ازاں انھیں اور بچے کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم رپورٹس کے مطابق مقتول بچے کے والد کی حالت تاحال بہتر نہیں ہوسکی ہے۔

ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بچے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقامی قیادت کو فوری طور پر متاثرہ خاندان کے پاس پہنچ کر تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حادثے کے بعد وزیرمملکت مریم اورنگ زیب نے بھی اپنے بیان میں گجرات میں بچے کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما مصدق ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی کے دوران بچے کی جان چلی جانے پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں