گلے کی خراش سے نجات حاصل کرنے کے آسان نسخے

09 ستمبر 2017
گلے کی سوزش یا خراش عام مرض ہے—فائل فوٹو
گلے کی سوزش یا خراش عام مرض ہے—فائل فوٹو

گلے کی خراش یا سوزش ایک عام بیماری ہے، جو ہر بدلتے موسم کے وقت ہوتی ہے، یا پھر ٹھنڈا گرم ایک ساتھ کھانے اور پینے سے بھی ہوجاتی ہے۔

کچھ لوگ انتہائی حساس ہوتے ہیں، اور وہ تھوڑی بہت موسمی تبدیلی، بڑھتی آلودگی اور ایک ساتھ مختلف غذائیں کھانے سے بھی اس میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

گلے کی خراش یا سوزش ابتدائی طور پر بہت تکلیف دیتی ہے، اور اس کے شکار افراد کھانے اور پینے سمیت ٹھیک طرح سے بول پانے سے بھی کچھ وقت کے لیے محروم ہوجاتے ہیں۔

گلے میں سوزش کی وجہ سے بولنے میں بھی تکلیف ہوتی ہے، جب کہ کوئی چیز نہ تو نگلی جاتی ہے، اور نہ ہی کھائی جاتی ہے، لیکن اس بیماری سے آسان اور گھریلو نسخوں کے ذریعے بھی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خراب گلے کے لیے اینٹی بائیوٹکس؟ سوچ لیں

ماہرین کے مطابق درج ذیل نسخوں سے گلے کی سوزش یا خراش سے نجات پائی جاسکتی ہے۔

شہد

کہا جاتا ہے کہ شہد میں ہر بیماری کا علاج ہے، تاہم اب میڈیکل سائنس نے بھی اس کی تصدیق کردی، امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق گلے کی سوزش اور خراش میں مبتلا افراد دن میں 2 سے 3 بار شہد کو چائے میں ملا کر پئیں یا ایسے ہی شہد لیں تو ان کا گلا جلد ٹھیک ہوسکتا ہے۔

نمکین پانی کے غرارے

یہ نسخہ تو برصغیر میں سالوں سے آزمایا جا رہا ہے، اور اس کے کئی خاطر خواہ نتائج بھی برآمد ہوتے ہیں، ماہرین کے مطابق نمکین نیم گرم پانی کے غرارے کرنے سے گلے میں موجود زیریلے بیکٹیریاز کا خاتمہ ہوتا ہے، جو سوزش اور خراش کا باعث بنتے ہیں۔

سوڈا پانی کے غرارے

نمکین پانی کی طرح بیکنگ سوڈا میں نیم گرم پانی کے غرارے بھی گلے کی خراش اور سوزن میں فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر ایک کپ پانی میں نصف چائے کے چمچ جتنا بیکنگ سوڈا اور اتنا ہی نمک ملاکر غرارے کیے جائیں تو جلد شفا ہوگی۔

مزید پڑھیں: گلے کی خراش اور کھانسی سے نجات کے لیے چاکلیٹ مفید

میتھی کے پتے

میتھی کے پتوں کو کسی بھی تیل میں ملاکر گلے کے باہر اور گردن کے ارد گرد مالش کی جائے، یا پھر انہیں چائے کے ساتھ ملاکر استعمال کیا جائے تو اس سے بھی خراش یا سوزش کا باعث بننے والے بیکیٹیریاز کا خاتمہ ہوگا۔

میتھی کے پتوں کو گرم پانی میں ابال کر اس کے غرارے بھی کیے جاسکتے ہیں۔

سیب کا سرکہ

سیب کے سرکے میں موجود اینٹی مائکروبیل اجزاء خراب بیکٹیریاز کو ختم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں، اگر ایک کپ نیم گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ملاکر غرارے کیے جائیں تو گلے کی خراش میں راحت ملے گی۔

لہسن

تھوڑے سے لہسن کو نیم گرم پانی میں ابال کر غرارے کرنے سے منہ میں موجود خراب بیکٹیریاز کا خاتم ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں اگر لہسن کی مدد سے ٹوتھ برش کو معمول بنایا جائے تو اس سے نہ صرف دانت مضبوط ہوں گے، بلکہ سانس کی بدبو کا بھی خاتمہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: گلے کی سوزش، کھانسی، نزلہ زکام سے بچنے کے طریقے

گرم مصالحہ جات

مختلف گرم مصالحہ جات کی مدد سے تیار کیے گئے سوپ سے بھی گلے کی سوزش میں فائدہ ہوتا ہے، علاوہ ازیں چکن کارن سوپ بھی اس حوالے سے مفید ہوتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں