سندھ: نابالغ بچوں کی شادی میں ملوث 5 افراد گرفتار

شائع September 23, 2017

سندھ کے ضلع دادو کے علاقے جوہی میں 5 سالہ لڑکی کی 15 سالہ لڑکے سے شادی میں مشتبہ طور پر ملوث ہونے پر پیش امام سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق کم عمر بچوں کی شادی مبینہ طور پر جوئے میں رقم ہارنے کے معاملے کو حل کرنے کے لیے کرائی جارہی تھی۔

پولیس نے کہا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں نابالغ لڑکی کا والد شاہد علی بھی شامل ہے، جو مبینہ طور پر 40 ہزار کے قرض کے معاملے کو حل کرنے کے لیے اپنی بیٹی کی شادی کرا رہا تھا۔

شاہد اپنے رشتہ دار 15 سالہ لڑکے سے جوئے میں رقم ہار گیا اور رقم ادا نہ کر پانے کے باعث اس نے اپنی 5 سالہ بیٹی کی شادی اس لڑکے سے کرنے کا فیصلہ کیا۔

شادی کی اطلاع ملنے پر سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) دادو شبیر احمد سیٹھار نے پولیس ٹیم کو شاہد کے گاؤں میں چھاپہ مارنے کا حکم دیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دولہا بنے لڑکے، شاہد اور نکاح خواں مولوی کریم بخش سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا، تاہم نوعمر لڑکے کو بعد ازاں کم عمری کے باعث رہا کردیا گیا۔

ایس ایچ او ٹی آر خان نے کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف بچوں کی شادی روکنے کے 2016 کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025