نوازشریف کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کی درخواستوں کی سماعت ملتوی
اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم کی نااہلی کے فیصلے کے بعد نواز شریف کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے اور مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی منسوخی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائر کی گئی مختلف درخواستوں کی سماعت پی ٹی آئی کے وکیل کی غیر حاضری کے باعث 15 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی)، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے رکن نیاز انقلابی اور رئیس عبدالواحد کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کی سیاسی سرگرمیوں کے خلاف یاسمین راشد کی درخواست
چیف الیکشن کمشنر کی عدم موجودگی کے باعث الیکشن کمیشن کے 3 رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وکیل جہانگیر جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تاہم پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔
مسلم لیگ (ن) کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے تمام درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے خلاف درخواستوں پر چیئرمین ن لیگ کو نوٹس جاری
دوسری جانب عوامی تحریک کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ الیکشن بل 2017 کی شق 203 بھی ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر سماعت 15 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر دلائل سننے کے بعد تمام درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے چاروں درخواستیں یکجا کردی تھیں۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا
واضح رہے کہ درخواستوں میں نااہلی کے بعد نواز شریف کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے اور ان کے نام پر قائم مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔











لائیو ٹی وی