کیل مہاسوں کو دور کرنا چاہتے ہیں؟

06 نومبر 2017
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

چہرے پر کیل مہاسے کس کو اچھے لگتے ہیں؟ نوجوان خاص طور پر خواتین تو ان کو دیکھ کر پریشان ہوجاتی ہیں۔

تاہم کیل مہاسوں کے مہنگے علاج پر توجہ دینے کی بجائے آپ مختلف سستے گھریلو نسخوں کو بھی آزما کر دیکھ سکتے ہیں۔

اور ان گھریلو نسخوں کے نتیجے میں جلد قدرتی طریقے سے شفاف ہوجاتی ہے۔

مزید پڑھیں : ہلدی کے حیرت انگیز فوائد

سبز چائے

سبز چائے میں جراثیم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹس اجزاءہوتے ہیں جو کیل مہاسوں کے خلاف مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس کا فائدہ اٹھانے کے لیے سبز چائے کو ایک کپ میں ٹھنڈا کرکے فیس واش کے طور پر استعمال کریں یا کسی کپڑے میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر رکھ دیں۔

اس مشروب کے مزید فوائد جانیں : سبز چائے پینے کے یہ فائدے جانتے ہیں؟

شہد

شہد کی جراثیم کش خوبیاں بھی کیل مہاسوں سے نجات میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ ایک چائے کے چمچ شہد کو متاثرہ جگہوں پر لگائیں یا آدھے کپ شہد کو ایک کپ دلیے میں مکس کرکے ماسک بنائیں اور آدھے گھنٹے تک چہرہ پر لگا رہنے دیں۔

مزید پڑھیں : شہد کے 9 زبردست فوائد

پودینہ

پودینہ چہرے کے مساموں پر اکھٹا ہوجانے والے تیل کو ہٹانے میں مدد دیتا ہے اور کیل مہاسوں کو بننے ہی نہیں دیتا۔ دو چائے کے چمچ باریک کٹے تازہ پودینے کو دو چائے کے چمچ دہی اور جو کے دلیے (جسے پیس کر سفوف کی شکل دے دیں) میں ملالیں۔ اس مکسچر کو چہرے پر دس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر پانی سے دھولیں۔

اسپرین

اسپرین میں موجود سیلی کائی لیک ایسڈ کیل مہاسوں کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے اور مہاسوں کو خشک کرکے سوجن کو کم کرتا ہے۔ اس کے فائدہ اٹھانے کے لیے اسپرین کو چند بوند پانی میں ڈال کر ایک پیسٹ بنالیں، یا اسپرین کی چار گولیوں کو دو چائے کے چمچ پانی میں ملا دیں اور متاثرہ جگہ پر لگالیں۔

گھیکوار

گھیکوار بھی کیل مہاسوں کے فائدہ مند ہے، جو انفیکشن کے خلاف لڑتا ہے اور زخموں کے نشانات بھی مندمل کرتا ہے۔ گھیکوار کے پودے سے لیس یا جیل کو ایک چمچ میں لیں اور متاثرہ جگہ پر لگائیں۔

یہ بھی پڑھیں : کوار گندل کے طبی فوائد

لیموں

لیموں نئے کیل مہاسوں کو ابھرنے کی روک تھام کرنے کے ساتھ ساتھ جلد کی شفافیت کے لیے بہترین ہے۔ لیموں کے عرق میں روئی کو ڈبوئیں اور کیل مہاسوں پر دبا کر رکھ لیں اور کچھ دیر بعد اسے ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔

یہ بھی دیکھیں : لیموں کے 7 حیران کن طبی فوائد

سیب کا سرکہ

سیب کا سرکہ بھی کیل مہاسوں کے علاج کے لیے بہترین چیز ہے۔ اس کے لیے سیب کے سرکے اور پانی کی یکساں مقدار کو ملائیں اور اسے روئی کے ذریعے جلد پر لگائیں، تاہم ہر بار استعمال سے قبل اسے اچھی طرح ضرور ہلالیں۔

مالٹے یا سرکہ

ترش پھل یا سرکہ بھی اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔ ترش پھلوں کے عرق یا سرکے کی کچھ مقدار کو روئی پر ڈالیں اور نرمی سے متاثرہ جگہ کی صفائی کریں۔

یہ بھی جانیں : 13 ٹپس جو سرکے کو باکمال ثابت کردیں

اومیگا تھری فیٹی ایسڈز

اومیگا تھری فیٹی ایسڈز میں سوجن کش خوبیاں ہوتی ہیں جو کیل مہاسوں کو کم کرتی ہیں۔ اس کے لیے مچھلی اور اخروٹ وغیرہ کو اپنی غذا کا حصہ بناکر آپ یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں