شمالی کوریاکا میزائل تجربہ یواین کی قراردوں کی خلاف ورزی،پاکستان
پاکستان نے شمالی کوریا کی جانب سے بلیسٹک میزائل کے تجربے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کو اقوام متحدہ کی قراردوں کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ایسے تجربات اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے اور ایسے اقدامات جزیرہ نما کوریا، شمال مشرقی ایشیا اور خطے کے امن واستحکام کے لیے خطرہ ہے'۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اس قسم کے تجربات سے باز رہے، میزائل تجربہ خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے گا۔
قبل ازیں شمالی کوریا نے اپنے اب تک کے سب سے زیادہ طاقت ور ترین بین البراعظم بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کردیا تھا۔
مزید پڑھیں:شمالی کوریا: امریکا تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ
اے پی کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کا نیا میزائل 'ہواسنگ 15' شمالی کوریا کا اب تک کا طاقت ور ترین میزائل ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ پیانگ یانگ کے اس میزائل تجربے کے بعد وہ واشنگٹن سمیت امریکا کے کسی بھی شہر کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگیا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ میزائل آئی سی بی ایم رینج کا حامل ہے جو بھاری مقدار میں جوہری مواد لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور با آسانی امریکا کے کسی بھی شہر کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود حالیہ عرصے میں شمالی کوریا نے اپنی جوہری سرگرمیوں اور میزائل تجربات میں اضافہ کر رکھا ہے اور رواں سال جولائی میں شمالی کوریا نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائیل کا تجربہ کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شمالی کوریا کا امریکا تک مار کرنے والے میزائل کا 'کامیاب تجربہ'
رواں سال 15 اپریل کو ریاست کے بانی لیڈر کی سالگرہ کے موقع پر ہونے والی ایک بڑی فوجی پریڈ کے دوران شمالی کوریا نے متعدد نئے ہتھیاروں سے پردہ اٹھایا تھا، جن میں سے کچھ کی آزمائش کی جاچکی ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے گذشتہ سال 20 سے زائد میزائل تجربات کیے گئے جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل اور جوہری ٹیکنالوجی کے تجربات پر پابندی عائد ہے۔
2006 میں کیے گئے پہلے جوہری تجربے کے بعد سے سلامتی کونسل شمالی کوریا پر متعدد بار پابندیاں عائد کرچکی ہے۔












لائیو ٹی وی