حیدر آباد میں قاسم آباد روڈ کے قریب کچرا کنڈی میں دیسی ساختہ بم پھٹنے سے کچرا چننے والا ہلاک اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) اہلکار رمضان پنہواڑ نے دھماکے کی جگہ سے فرانزک شواہد اکھٹے کرنے کے بعد ڈان کو بتایا کہ یہ ایک دیسی ساختہ بم تھا جس میں 90 گرام بارود استعمال کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دیسی ساختہ بم کو کچرا کنڈی میں نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کے نتیجے میں جائے وقوع پر ایک گڑھا پڑ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر کچرا چننے والے نے دیسی ساختہ بم کو اٹھا کر اسے کھولنے کی کوشش کی تھی جس کے نتیجے میں وہ پھٹ گیا۔

دوسری جانب بی ڈی ایس حکام کا کہنا تھا کہ کہ یہ ایک الیکٹرک ڈیوائس تھی۔

پولیس فرانزک ونگ کے حکام بھی جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد اکھٹے کیے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے سے کچرا چننے والا کا اوپری حصہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پیر شاہ محمد کا کہنا تھا لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ دہشتگردی کا نہیں تھا اور ممکنہ طور پر کسی نے دھماکہ خیز مواد کو کچرے میں پھینکنا چاہا تھا۔

مقتول کی شناخت تاحال نہیں کی جاسکی تاہم زخمی ہونے والے 35 سالہ ادریس کو لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کی سٹی برانچ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

دھماکہ تقریبا پونے 7 بجے کے قریب پیش آیا جس کی آواز دور تک سنائی دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں