پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر میں قومی ادارہ برائے امراض قلب ( این آئی سی وی ڈی) ہسپتال کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں جہاں ڈھائی لاکھ لوگ امراض قلب کے باعث جاں بحق ہوجاتے ہیں وہیں سندھ واحد صوبہ ہے جس نے اس شرح کو کم کرنے کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں ہسپتال قائم کیے جارہے ہیں اور سکھر میں یہ دل کا ہسپتال کراچی کی طرح بنایا گیا ہے اور یہاں اس جیسی ہی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں قائم قومی ادارہ برائے امراض قلب میں عوام کو ہر سہولت مفت دستیاب ہے اور ہم صرف ایک شہر نہیں بلکہ پورے صوبے پر توجہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں امراض قلب کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور یہ ہسپتال سکھر کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرے گا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جو بھی وعدہ کیا وہ پورا کیا اور سکھر میں ہسپتال بنا کر پیپلز پارٹی نے احسان نہیں بلکہ اپنا فرض ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی سربراہی میں لوگوں کی خدمت کرتے رہیں اور رواں سال ہم ان دونوں رہنماؤں کی سربراہی میں پورے پاکستان میں عوامی اور پیپلز پارٹی کی حکومت لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی کہیں درخت لگا رہا تو کوئی بسیں چلا رہا لیکن پیپلز پارٹی سندھ میں صرف عوامی خدمت کررہی ہے اور پیپلز پارٹی ہی ظلم اور ناانصافی ختم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جب بھی حکومت میں آتی ہے وہ عوام کی خدمت کے کام کرتی ہے اور صوبہ سندھ عوامی خدمت میں سب سے آگے ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں