بولی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ وہ آنے والے وقت کے کامیاب اداکار ثابت ہوں گے تو شاید غلط نہ ہوگا، کیوں کہ انہوں نے اپنی فلم ’باغی 2‘ کی ریلیز کے بعد یہ ثابت کردیا کہ وہ کسی اور ایکشن ہیرو سے کم نہیں۔

احمد خان کی ہدایات میں بننے والی فلم ’باغی 2‘ گزشتہ روز سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، جس نے اپنی اوپنگ پر ہی باکس آفس پر دھماکے دار کامیابی حاصل کرلی۔

فلم نے ریلیز کے پہلے روز 25 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کمالیے، جبکہ رواں سال ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’پدماوت‘ کی پہلے دن کی کمائی کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔

خیال رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوت‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 24 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے تھے۔

ٹائیگر شروف کی فلم ’باغی 2‘ 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’باغی‘ کا سیکوئل ہے۔

ان دونوں فلموں میں ٹائیگر شروف کے ایکشن کو خوب پسند کیا گیا، جبکہ فلم ’باغی 2‘ کو ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹائیگر اور شردہا کی ’باغی‘ کو بڑی کامیابی

فلم ’باغی‘ میں ٹائیگر شروف کے ہمراہ شردہا کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ فلم ’باغی 2‘ میں دیشا پٹانی مرکزی اداکارہ کے روپ میں نظر آئیں۔

ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی صرف ساتھی اداکار ہی نہیں ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی ہیں، جن کے افیئر کی خبریں میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔

یاد رہے کہ ٹائیگر شروف کی اب تک کوئی فلم 100 کروڑ کلب کا حصہ نہیں بنی اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس فلم کے ساتھ ٹائیگر 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والے اداکار بن جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں