ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عوام کا فیصلہ ہمیشہ سر آنکھوں پر ہوتا ہے، اسی لیے عوام کے فیصلے عوام پر چھوڑ دیے جائیں، عدالت کے بہت سارے فیصلے تاریخ بھی قبول نہیں کرتی۔

ڈیرہ غازی خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’عجیب روایت بن چکی ہے کہ جو بھی منتخب نمائندہ پاکستان کے لیے کام کرے اس کو عدالت میں گھسیٹا جاتا ہے، عہدوں سے برطرف کیا جاتا ہے اور عوام سے ہی دور کر دیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ روایت پاکستان کی نہیں ہے اور نہ ہی یہ ملک میں سیاست کو عزت دے گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس روایت سے پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے، لہٰذا اب اس روایت کو ختم ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ہمارے وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں، شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ہم نے ہمیشہ عدالتوں کی عزت کی، آج بھی کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں بلکہ پولنگ اسٹیشنوں میں ہونے چاہیئں، ’عوام اپنا فیصلہ الیکشن 2018 میں سنائیں گے، اور عوام کا فیصلہ کبھی غلط نہیں ہوتا‘۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا، تب تک ملک ترقی نہیں کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنے دورِ حکومت کے دوران کام نہیں کرنے دیا گیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’نوازشریف نےمسائل حل کرنے کی کوشش کی اور ہم ہر ہفتے دو منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ماضی کے کرپٹ ترین صوبہ کے پی میں آج سب سے کم کرپشن ہے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے بہت سارے فیصلے تاریخ بھی قبول نہیں کرتی، سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں بلکہ پولنگ اسٹیشنز میں ہوتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کو ترجیح دی اور کبھی بھی کسی کے لیے برے الفاظ استعمال نہیں کیے، گالیاں دینے والوں سے خیر کی توقع نہ رکھی جائے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں بھی عوام نے نوازشریف کے حق میں فیصلہ کیا تھا۔

ڈیرہ غازی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں ںے کہا کہ ڈی جی خان میں اسکول اور ہسپتال بن رہے ہیں، گیس اور بجلی کی فراہمی کا کام جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ 20 سال بعد ڈی جی خان آنے پر انتہائی خوشی ہے اور امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) ہی ڈی جی خان سے کامیاب ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں