’رستم‘ کے یونیفارم کی لاکھوں میں نیلامی
بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کے مداح جانتے ہیں کہ انہیں جانوروں سے کتنی محبت ہے اور ان کے تحافظ کے لیے اداکار اپنی کامیاب فلم میں پہنا گیا لباس آن لائن نیلام کررہے ہیں۔
اکشے کمار کی فلم ’رستم‘ 2016 کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی، جس میں انہوں نے بحریہ افسر کا کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم میں انہوں نے اصل بحریہ افسر کا یونیفارم زیب تن کیا تھا جو سوشل میڈیا پر بھی خوب مقبول ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 'رستم': بہترین کہانی کو لے کر بنائی گئی ایک کمزور فلم
اکشے کمار کو ان کے مداحوں نے بحریہ افسر کے روپ میں خاصہ پسند بھی کیا اور اب وہ اس یونیفارم کو آن لائن نیلامی کررہے ہیں، جس سے جمع ہونے والی رقم سے اکشے کمار جانوروں کے تحافظ کی تنظیم کی مدد کریں گے۔

یونیفارم پر نیلامی کی پہلی بولی 20 ہزار ہندوستانی روپے رکھی گئی، تاہم لوگوں کی دلچسپی بڑھنے کے بعد اس رقم میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
یہ نیلامی سالٹ سکاؤٹ نامی پیج پر کی جارہی ہے جس کی رقم میں تیزی سے اضافہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے اپنے ٹوئٹر پر اس نیلامی کی خبر کو شیئر کیا، اور ان دونوں کی فین فالوونگ کو مدنظر رکھتے ہوئے کہنا غلط نہیں ہوگا کہ فلم ’رستم‘ کے اس یونیفارم پر اکشے کے مداح پیسے خرچ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اب تک نیلامی میں لگائی جانے والی بولی 30 لاکھ روپے سے زائد ہوچکی ہے۔
نیلامی کا اختتام رواں سال 26 مئی کو رات 9 بجے کے بعد ہوگا۔
مزید پڑھیں: سلمان، اکشے کی فلم ’رستم‘ کی تشہیر کے لیے سرگرم
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پیج پر ہریتھک روشن کی کامیاب فلم ’کرش‘ کی جیکٹ اور فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں انوشکا شرما کی جانب سے پہنا گیا کرتا بھی نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اکشے کمار کی فلم رستم 1959 کے ہندوستانی بحریہ افسر کے ایم ناناوتی کی اصل زندگی سے متاثر تھی جنہوں نے اپنی بیوی کے عاشق کا قتل کردیا تھا۔
فلم 'رستم' میں اکشے کمار کے ساتھ اداکارہ یلینا ڈی کروز اور ایشا گپتا نے اہم کردار ادا کیے تھے۔
فلم نے باکس آفس پر 124 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔











لائیو ٹی وی